گاندربل:ملک میں سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ ہندوستان میں’مذہبی سیاحت‘کا شعبہ انتہائی وسیع ہے اور ملک میں اس کی بہت بڑی صلاحیت اور گنجائش ہے۔ انوراگ ٹھاکر ، جو جموں و کشمیر میں ہیں ، نے جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع میں کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق تولہ مولہ گاندربل میں جموں و کشمیر میں سیاحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی سے امن بحال ہونے کے بعد سیاحت کے شعبے کو فروغ ملا۔انہوں نے کہاکہ اب ، لوگ مذہبی مقامات پر جا رہے ہیں اور یقینی طور پر ، یہاں سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔مرکزی وزیرکاکہناتھاکہ کھیر بھوانی کا مندر مذہبی سیاحت کے لئے بہت اہم ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ تاریخی مندر نہ صرف کشمیری پنڈتوں کیلئے عقیدے کا مرکز ہے بلکہ ملک کے دیگر حصوں سے عقیدت مند بھی دیوی کو دیکھنے کے لئیمندر آتے ہیں۔ملک کے مختلف حصوں میں مذہبی کا ذکر کرتے ہوئے ، مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہاکہ میں ذاتی طور پر مانتا ہوں کہ ہندوستان میں مذہبی سیاحت کا علاقہ بہت بڑا ہے۔ اگر آپ ہماچل پردیش میں دیکھیں تو وہاں آبادی کے مقابلے میں3 گنا زیادہ سیاح ہیں اور ان میں سے دو تین حصہ اُن سیاحوں کا بھی ہے جو مذہبی سیاح ہیں۔انہوں نے ملک کے لوگوں سے وادی کا دورہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک بہت خوبصورت جگہ ہے۔ ویشنو دیوی اور امرناتھ کی طرح بہت سے لوگ کھیر بھوانی مندر میں بھی آرہے ہیں۔ یہ کچھ جگہیں ہیں جو مذہبی عقائد اور سیاحت سے بھی وابستہ ہیں۔ ہمارا عقائد کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے۔ مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر کاکہناتھاکہ اہم بات یہ ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35Aکو منسوخ کرنے کے بعد مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں جاری تمام اسکیموں کو تقویت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس تناظر میں ، تمام مرکزی وزراء مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔