کولگام: مرکزی وزیر مملکت ٹیکسٹائل اور ریلوے محترمہ درشنا وکرم جاردوش نے آج مرکزی حکومت کے جاری عوامی آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ضلع کلگام کا دورہ کیا ۔ اس دورے کے دوران وزیر نے سنجیدہ تقریبات اور سرگرمیوں میں حصہ لیا جن میں عوامی عہدیداروں اور وفود کی شرکت دیکھی گئی ۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور متعدد عوامی وفود ، پنچائت راج اداروں کے ارکان ، ایس ایچ جی کے ارکان ، قبائلی وفود یوتھ کلب ، کاروباریوں وغیرہ کے ساتھ بات چیت کی ۔ وزیر نے روزگار اور مشاورت کے مرکز کے دورے کے دوران ممکن سکیم کے تحت مستحقین میں گاڑیاں تقسیم کیں ۔ منی اسٹیڈیم کلگام میں وزیر نے بیڈ منٹن ، ٹیبل ٹینس ، ٹگ آف وار اور رسی اسکیپنگ میں لڑکیوں کیلئے بین زون ضلعی سطح کے مقابلے کا افتتاح کیا ۔ وزیر نے نوجوانوں اور پر جوش کھلاڑیوں کی کھیلوں میں پر جوش شرکت کیلئے تعریف کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک بھر میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے وزیر اعظم کی سربراہی میں حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ اپنے دورے کے دوران وزیر نے سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی بات چیت کی جنہوں نے وزیر کے ساتھ اپنی کامیابیوں کی کہانیاں شئیر کیں ۔ انہوں نے ممبروں پر زور دیا کہ وہ جی ای ایم پورٹل اور دیگر کاروباری سائیٹوں پر رجسٹریشن کر کے اپنی مصنوعات کو مارکیٹنگ کی وسیع رسائی فراہم کریں ۔ وزیر نے کئی عوامی وفود سے بھی ملاقات کی جن میں قبائلی برادری کے ارکان ، یوتھ کلب کے ارکان ، گجر بکروال وفود اور دیگر وفود شامل ہیں جنہوں نے اپنے مطالبات پیش کئے ۔ ان ارکین نے لوگوں کو سُننے کیلئے اس طرح کے وسیع پیمانے پر آؤٹ ریچ پروگرام شروع کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ ، آر ٹی او کشمیر ساجد یحیا نقش ، ایس ایس پی جی وی سندیپ اور دیگر افسران موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چئیر پرسن محمد افضل پرے ، وی سی ۔ ڈی ڈی سی شازیہ جان ، ڈی ڈی سی ممبر ماگام چودہری جمیلہ ، بی ڈی سی شریف احمد بٹ کے علاوہ دیگر معززین بھی موجود تھے۔ بعد ازاں وزیر نے یہاں اہر بل میں ایک ثقافتی پروگرام کی صدارت بھی کی ۔ وزیر نے سیاحوں کیلئے سرکاری ٹی 20 ہوٹل کم ریسٹورنٹ کا بھی افتتاح کیا جس کی تخمینہ لاگت 3.89 کروڑ روپے ہے ۔ بعد میں وزیر نے ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی ، پی آر آئیز ، میونسپل کمیٹیوں کے صدور اور دیگر یو ایل بی ممبران /کونسلرز سے بھی ملاقات کی ۔ ان ممبران نے پورے ضلع کے ساتھ ساتھ اپنے متعلقہ علاقوں میں ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مطالبات پیش کئے ۔ جنہیں وزیر نے غور سے سُنا اور انہیں متعلقہ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ۔