بارہمولہ:مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم ڈاکٹر سبھاش سرکار نے آج گورنمنٹ ڈگری کالج بارہمولہ میں ایک کثیر المقصد کانفرنس ہال کااِفتتاح کیا جوکہ 1.14 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تیار کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے کئی سرگرمیاں اَنجام دیں جن کی بڑی تعلیمی اہمیت ہے۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش سرکار مرکزی حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ضلع بارہمولہ کے دورے پر ہیں جس کا مقصد علاقے میں ترقیاتی سرگرمیاں اَنجام دینا اور معاشرے کے مختلف طبقات سے عوامی رائے حاصل کرنا ہے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ( ڈاکٹر) یاسمین عشائی ، پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد لون، صدر ایم سی بارہمولہ توصیف رینہ ، مختلف محکموں کے سربراہان ، فیکلٹی ممبران سمیت دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔مرکزی وزیر مملکت نے کانفرنس ہال کا اِفتتاح کرنے بعد طلاب اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک اِستفساری سیشن منعقد کیا۔اُنہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تعلیمی نقطہ نظر سے متعلق اَپنے خیالات کا اِظہارکیا۔ طالب علموں اورفیکلٹی ممبران نے کچھ اہم مسائل اور شکایات وزیر موصوف کو گوش گزار کئے جو تعلیمی ماحولیاتی نظام کے کام میں رُکاوٹ ہیںاور ضلع میں تعلیمی منظرنامے کی بہتری کے لئے ان کی بروقت دوبارہ فراہمی کی کوشش کی۔دریں اثنا،ڈاکٹر سبھاش سرکار نے باضابطہ طور پر نیشنل اسسمنٹ ایکریڈیشن کونسل ( این اے اے سی ) ’ اے‘ کو کالج اَتھارٹیز کے سامنے پیش کیا جس دوران اُنہوں نے اتھارٹی کے مطلوبہ معیار پر پورا اُترنے پر کالج اِنتظامیہ کی تعریف کی۔مرکزی وزیر مملکت نے ان طالب علموں کو بھی مبارک باد دی جنہوں نے قابل قدر کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔ اُنہوں نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلاب کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ تعلیمی اور مسابقتی صلاحیت کے حصول کے لئے اَپنے اَپنے شعبوں میں سخت محنت کریں۔اُنہوں نے طلاب کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اَپنے آپ کو جدید تعلیم کے طریقوں سے آشنا کریں اوراُنہوں نے مزید کہا کہ مرکزی سطح پر مختلف سکل ڈیولپمنٹ اور نوکری پر مبنی کورسوں کے ذریعے طلباء کی ملازمت کی صلاحیت کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔مرکزی وزیر موصوف نے قومی تعلیمی پالیسی 2020ء کی نمایاں خصوصیات کا بھی خاکہ پیش کیا او رانہوں نے کہا کہ پالیسی تعلیمی اُمنگوں کو بڑی حد تک پوری کرسکتی ہے۔اِس سے قبل ڈائریکٹر کالجز نے جموںوکشمیر میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق تفصیل پیش کی او رمختلف پہلوئوں کو اُجاگر کیا۔