جموں:مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے متعدد وفود نے آج مشیر فاروق خان سے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور اپنے مطالبات ان کے سامنے پیش کئے ۔ مشیر فاروق خان سے جن وفود نے ملاقات کی ان میں رول بال ایسوسی ایشن کا ایک وفد ، شاہ پور کنڈی کٹھوعہ سے سید چودھری کی قیادت میں گُجر برادری کا وفد ،کرن واتل کی قیادت میں جموں و کشمیر جمناسٹک ایسوسی ایشن کا وفد شامل ہے ۔ گُجر وفد نے مشیر کو آگاہ کیا کہ ان کے گھر شاہ پور کنڈی بیراج کی تعمیر کے پیش نظر گر رہے ہیں اور انہیں سائیٹ سے ہٹایا جا رہا ہے انہوں نے درخواست کی کہ ان کا کوئی معقول حل نکالا جائے تا کہ انہیں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ۔ 27 سے 31 اکتوبر 2021 تک جاپان میں منعقد ہونے والی 38 ویں عالمی ریتھمک جمناسٹک چیمپین شپ کیلئے منتخب ہونے والی جے اینڈ کے کی جمناسٹ محترمہ بوولین کور سے ملتے ہوئے مشیر نے ان کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا اور کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ان کی تعریف کی ۔ اس موقع پر مشیر نے ڈسٹرکٹ چیمپین شپ میں پاور لفٹنگ کے ماسٹر 1 زمرے کے گولڈ میڈلسٹ مسٹر خوشوندر سنگھ کو بھی نوازا انہیں سرٹیفکیٹ اور گولڈ میڈل سے نوازا گیا ۔ مسٹر فاروق خان نے مسٹر خوشوندر سنگھ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے مزید اہداف کے حصول کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں ۔ دیگر وفود نے بھی مشیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور جلد از جلد ان کو حل کرنے کی درخواست کی ۔ مشیر نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل کو مرحلہ وار طریقوں پر حل کیا جائے گا ۔