سری نگر، 17 اکتوبر: جنوبی ضلع کولگام کے ونپوہ میں اتوار کی شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے کم از کم دو غیر مقامی مزدوروں کو ہلاک جبکہ تیسرے کو زخمی کر دیا ہے جموں و کشمیر پولیس نے ان ہلاکتوں کے لئے جنگجوئوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے کولگام میں دو غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکت سے محض 24 گھنٹے قبل یعنی ہفتے کی شام سری نگر اور پلوامہ اضلاع میں ‘ٹارگٹ کلنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو غیر مقامی مزدور مارے گئے تھے۔قبل ازیں پانچ اکتوبر کو نامعلوم بندوق برداروں نے سری نگر کے لال بازار علاقے میں ایک غیر مقامی پانی پوری بیچنے والے کو سر عام قتل کر دیا تھا سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے اتوار کی شام کولگام کے ونپوہ میں تین غیر مقامی مزدور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں دو مزدور جاں بحق جبکہ تیسرا ایک زخمی ہو گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے نیز تمام سکیورٹی ناکوں کو الرٹ کیا گیا ہے۔کشمیر زون پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے ونپورہ میں جنگجوئوں نے غیر مقامی مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘اس واقعے میں دو مزدور مارے گئے ہیں جبکہ تیسرا زخمی ہوا ہے۔ علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے۔