سری نگر:جموں و کشمیر انتظامیہ نے دبئی حکومت کے ساتھ رئیل اسٹیٹ بزنس، صنعتی پارکوں، سپر سپیشلٹی ہسپتالوں، آئی ٹی ٹاوروں، میڈیکل کالجوں وغیرہ کی تعمیر کے لئے ایک میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب پیر کو یہاں راج بھون میں منعقد ہوئی جس میں تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پویش گوئل اور ڈی پی ورلڈ دبئی نامی کمپنی کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے شرکت کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس موقع پر نامہ نگاروں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔انہوں نے کہا: ‘مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے کامرس منسٹر پویش گوئل کی کوشش کے نتیجے میں جموں و کشمیر اور دبئی حکومت کے درمیان ایک بڑا معاہدہ ہوا ہے’۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر اور دبئی کا رشتہ بہت پرانا اور اس کی جڑیں کافی مضبوط ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہمارے اقدار یکساں ہیں اور باہمی اعتماد بھی رہا ہے۔ ایک دوسرے کی عزت بھی کرتے ہیں’۔بعد ازاں لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں ایک نئی صنعتی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں اور اس ایم او یو سے یونین ٹریٹری میں تجارتی شعبے کی رفتار میں تیزی واقع ہو گی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور دبئی حکومت کے درمیان ایک ایسا معاہدہ طے پایا ہے جو یونین ٹریٹری کو پائیدار صنعتی ترقی میں نئی بلندیوں تک پہنچنے میں مدد دے گا۔ان کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘دبئی حکومت اور جموں و کشمیر حکومت نے ایک ایسا معاہدہ طے کیا ہے جو یونین ٹریٹری کو پائیدار صنعتی ترقی میں نئی بلندیوں پر پہنچنے میں مدد دے گا آج کا دن جموں و کشمیر کے ترقی کے سفر کا ایک اہم دن ہے’۔منوج سنہا نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں ایک نئی صنعتی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘ہم جموں وکشمیر میں ایک نئے صنعتی کلچر کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ یہ ایم او یو جموں و کشمیر کی وسیع تر ترقی کے متعلق ہے اور میں پر امید ہوں کہ اس ایم او یو سے یونین ٹریٹری میں شعبہ تجارت کی رفتار تیز ہو گی جس پر لوگوں کی خوشحالی کا انحصار ہے’۔وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منوج سنہا کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کی بے مثال ترقی کے لئے میں وزیر اعظم شری نریندر مودی اور وزیر شری داخلہ امت شاہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں یہ ایم او یو آتم نربھر جموں و کشمیر کی تعمیر کرنے کے ہمارے عزم کی تصدیق کرتا ہے’۔مرکزی وزیر برائے کامرس اینڈ انڈسٹریز پویش گوئل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ میرے حالیہ دورہ دبئی کے دوران سلطان احمد نے بھارت خاص طور پر جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ وہ یہاں رئیل اسٹیٹ بزنس میں سرمایہ کاری کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے ان کو یہاں آنے کی دعوت دی جس کے نتائج اب واضح ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دبئی کے لوگوں کی اب جموں و کشمیر میں بھیڑ لگ جائے گی اور یونین ٹریٹری سیاحت اور رئیل اسٹیٹ بزنس میں کافی آگے جائے گی۔یو این آئی