سرینگر:پونچھ کے بھٹا دھوریاں جنگلی علاقے میں 15ویں روز بھی رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری رہا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جنگل میں موجود ٹھکانوں کی طرف پیش قدمی شروع کی ہے۔ یو پی آئی کے مطابق پونچھ کے جنگلی علاقے بھٹا دھوریاں جنگلی علاقے میں منگل کے دن بھی ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں دن بھر رک رک کر گولیوں کی آوازیں سنائی دیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ پندرہ دنوں سے اس علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے ۔ نمائندے نے بتایا کہ فوج ، پولیس ، پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ ساتھ سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر عہدیدار ن آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور جنگلی علاقے میں موجود عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کا بھی سہارا لیا جارہا ہے۔ نمائندے کے مطابق فوج ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی اضافی کمک نے جنگل کو پوری طرح سے سیل کیا ہے اور کسی کو بھی جنگلی علاقے کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز نے اب جنگل میں موجود ملی ٹینٹوں کے خفیہ ٹھکانوں کی طرف پیش قدمی شروع کی ہے اور اس حوالے سے محتاط طریقہ کار استعمال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ جنگل کا فی گھنا ہے لہذا سیکورٹی فورسز کے اہلکار پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر جنگل کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگل میں موجود ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطرنئی حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہیں تاکہ جلداز جلد اس آپریشن کو انجام تک پہنچایا جاسکے۔