سری نگر:سرکاری اسکولوں، کالجوں، سڑکوں کوشہیدوں اورنامور شخصیات کے نام پررکھنے کے فیصلے کوآگے بڑھاتے ہوئے جموں و کشمیر حکومت نے مختلف علاقوںمیں واقع76 سرکاری اسکولوں، کالجوں، سڑکوں کی فہرست جاری کی، جن کا نام ’شہیدوں اور نامور شخصیات‘ کے نام پر رکھا جائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے کمشنرسیکرٹری منوج کمار دویدی(آئی اے ایس)کی جانب سے 29،اکتوبر2021کوجاری کردہ ایک حکومتی آرڈر کے مطابق، 19، اکتوبر 2021 کو انتظامی کونسل کے فیصلے نمبر117/15/2021کی تعمیل میں’’انفراسٹرکچر یا اثاثوں کو شہیدوں یا نامور شخصیات کے نام پر رکھنے‘ کی منظوری دی گئی۔جاری حکومتی آرڈرکی رئو سے جموں وکشمیرکے دونوں صوبوں کشمیروادی اورجموںکے مختلف اضلاع وعلاقوںمیں قائم76 سرکاری اسکولوں، کالجوں، سڑکوں کی فہرست جاری کی گئی ہے، جن کا نام پُرتشددواقعات کے دوران جاں بحق ہوئے پولیس افسروں واہلکاروں ،دیگر افراد اورجاں بحق ہوئی یا حیات نامور شخصیات‘ کے نام پر رکھا جائے گا۔قبل ازیں، انتظامی کونسل (اے سی)، جس کی یہاں لیفٹیننٹ گورنر، منوج سنہا کی صدارت میں میٹنگ 19اکتوبرکوہوئی تھی، نے جاری فیصلے نمبر117/15/2021کے تحت ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کی تقریبات کے تحت اسکولوں، سڑکوں اور عمارتوں کو شہیدوں اور ممتاز افراد کے نام پر رکھنے کی منظوری دی۔انتظامی کونسل نے اپنے فیصلے میں کہا تھاکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموںوکشمیر کی سلامتی اور ترقی میں غیر معمولی شراکت کے احترام اور اعتراف کے طور پر، شناخت شدہ انفراسٹرکچر کا نام جموں و کشمیر کے شہیدوں اور Living-Legendsیعنی نامور شخصیات کے نام پر رکھا جائے گا۔ کمشنرسیکرٹری منوج کمار دویدی کی جانب سے جاری کردہ حکومتی آرڈر میں مزید حکم دیا گیا ہے کہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز تبدیلیوں کو نافذ کرنے کے لیے اپنے ریکارڈ میں ترمیم سمیت فوری ضروری اقدامات کریں۔ ڈویڑنل کمشنر، کشمیر/جموں اپنے متعلقہ ڈویڑنوں میں بنیادی ڈھانچے کے اثاثوں کے نام کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔ اور ڈپٹی کمشنر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان بنیادی ڈھانچے کے اثاثوں کے نام رکھنے کے سلسلے میں مناسب تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔