سری نگر: چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج کووڈ۔ 19 کے خلاف صحت عامہ کے ردِ عمل کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور صوبائی اور ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ وہ ایک ہفتہ میں 5 لاکھ لوگوں کو دوسری خوراک کی کوریج کو یقینی بنائیں جنہوں نے لازمی وقفہ مکمل کر لیا ہے ۔ میٹنگ میں صحت و طبی تعلیم ، ریونیو ، جنرل ایڈمنسٹریشن کے انتظامی سیکریٹریوں کے علاوہ صوبائی کمشنران کشمیر /جموں ، انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر /جموں ، تمام ضلع ترقیاتی کمشنران، تمام ضلعی پولیس سپرانٹنڈنٹوں کے ساتھ ایم ڈی نیشنل ہیلتھ مشن ، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری نے تمام اقتصادی سرگرمیوں کے دوبارہ شروع ہونے ، اسکولوں کے دوبارہ کھلنے اور بڑے پیمانے پر سیاحتی سرگرمیوں کے ساتھ معیشت کے مکمل طور پر کھل جانے کے بعد مقامی آبادی کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کووڈ ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے پر زور دیا ۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم سے کہا گیا کہ وہ اضلاع میں ویکسین کی باقاعدگی سے فراہمی کو یقینی بنائے اس کے علاوہ کووڈ انفیکشن اور ابھرتے ہوئے ہاٹ سپاٹ کا جلد پتہ لگانے کیلئے ان کی جانچ کی سہولیات کو بڑھایا جائے ۔ چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ سرینگر پر زور دیا کہ وہ معاملات میں کسی بھی اضافے سے چوکنا رہیں اور انفیکشن کی رفتار کے مطابق کمزور آبادی کی روزانہ جانچ پر گہری توجہ دیں ۔