جموں:لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں سیکریٹریوں اور بینک کے سینئر افسروں کے ساتھ خود روز گار سکیموں کی حالت کا جائیزہ لیتے ہوئے خود روز گار سکیموں کے تحت منظوری اور فائنانسنگ کیلئے یو ٹی انتظامیہ کیلئے 2 لاکھ کیسوں کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت جاری کی کہ وہ صنعت کی حقیقی وقت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی ، او بی سی اور خواتین کاروباریوں کو خود روز گار اسکیموں میں خصوصی توجہ دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے ڈی سیز سے مزید کہا کہ وہ خاص طور پر دور دراز اور سرحدی علاقوں میں سماجی تحفظ کی اسکیموں اور بنیادی سہولیات کی سیر کو یقینی بنائیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے بینکوں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے یکساں معیار وضع کریں کہ کوئی بھی مستحق امیدوار معمولی وجوہات کی بنا پر مالی شمولیت کے فوائد سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے انہیں نوڈل افسروں کو نامزد کرنے کی ہدایت دی جو روز گار پیدا کرنے کی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کو قرضوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے اپنی ہدایات کو دوہرایا کہ ہر پنچائت سے کم از کم 5 نوجوانوں کو ہنر مندی کے فروغ اور ہینڈ ہولڈنگ کیلئے شناخت کیا جائے جس میں یو ٹی کے سرحدی اور دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ بینکوں کے کم سی ڈی ریشو پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ بینکوں کے سربراہوں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی سی ڈی کو 40 فیصد کے کم از کم بینچ مارک سے زیادہ تک بڑھا دیں ۔ انہوں نے کمشنر /سیکرٹری ، منصوبہ بندی ، ترقی اور مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ بینکوں سے باقاعدگی سے ڈیٹا اکٹھا کریں اور ان کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں تا کہ بے روز گار نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ دستیاب مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ عمل کی نگرانی کیلئے ایک مشترکہ ڈیش بورڈ تیار کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مطلوبہ خود روزگار سکیموں کے تمام فوائد کو نچلی سطح تک پہنچایا جائے ۔ لفٹینٹ گورنر نے تیار شدہ دستکاری اور دیگر مقامی مصنوعات کی مارکیٹنگ اور فارورڈ لنکیجز کیلئے بھی ہدایات جاری کیں ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ اٹل ڈولو، چئیر مین جے کے بینک آر کے چھبر ، انتظامی سیکریٹریوں ، ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ آر بی آئی ، ایس بی آئی ، نبارڈ ، پی این بی اور دیگر بینکوں کے سینئر افسران اور یو ٹی انتظامیہ نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔