جموں:سری گورو نانک دیو جی کے پرکاش پرو کے موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے گوردوارہ صاھب چاند نگر میں حاضری دی اور دائمی اَمن ، خوشحالی اور سب کی بھلائی کے لئے دعا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی نے لوگوں کی خدمت کرنا اوّلین فرض قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کی تعلیمات کا ایک ایک لفظ آج بھی اتنا ہی موافقت رکھتا ہے جتنا کہ 500 برس پہلے تھا۔اُنہوں نے کہا کہ گورونانک دیو جی کی تعلیمات گزشتہ 500 برسوں سے پوری اِنسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گورو جی کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہر اِنسان کو پوری لگن کے ساتھ ضرورت مندوں کی خدمت کرنی چاہیئے۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی نسلوں کو اِنسانی زندگی کے مقصد کو سمجھنے اور زندگی کا سفر مکمل کرنے کے لئے گورونانک جی کی طرف سے دی گئی تعلیمات کو اپنا نا چاہیئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد مذہب کو زندگی کی بنیاد سمجھتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ مذہب ہمیشہ انسانوں کو ایک دوسرے کے نزدیک لاتا ہے اور تفرقات کو دورکرتا ہے۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ گورووں نے مذہب کے اِس نظریے کی حفاظت کے لئے بے شمار قربانیاں دی تھی۔اُنہوں نے کہا،’’ یہ ہم سب کا فرض ہے کہ گورو نانک دیو جی کی قناعت اور اِنسانی خدمت کے درس کو اَپنی زندگی میں اَپنائیں اور اسے عوام تک پہنچائیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے سکھ گورووں کی تعلیمات پر مبنی ایک ایکشن پلان بناکر بے لوث خدمت کو قومی فرض کے طور پر فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ کرتار پور کو ری ڈور پر کاش پرو سے پہلے کھول دیا گیا ہے۔دورانِ کووِڈ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں سکھ برادری کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے فعال طور پر اِنسانیت کی خدمت کی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سکھ برادری کی طرف سے کووِڈ کے دوران لوگوں کو کھانا اور راشن فراہم کرنے کا کام پورے ملک کے لئے ایک مثال ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آزادی کا امرت مہااُتسو میں بہت سے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے گورونا نک دیو جی کے نظرئیے کو سما ج کے ہر کونے تک پھیلانے کی ضرور ت پر زور دیا۔ اِس موقعہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے سبھی سے گورونانک دیو جی کے دکھائے گئے سچائی ، ایمانداری اوربے لوث خد مت کے راستے پر چلنے کی اپیل کی۔