ڈوڈہ:روڑ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بدھ کو جموں و کشمیر میں قومی شاہراہوں کے 25 پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ان جامع پروجیکٹوں کی کل لمبائی 257 کلومیٹر ہے ،اوران سڑک پروجیکٹوں پر11,721 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ڈوڈہ میں منعقدہ سنگ بنیادکی تقریب کے موقعہ پرجموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعظم آفس میں تعینات مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ وزیر ،روڑ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیرمملکت وی کے سنگھ اورممبرپارلیمنٹ جگل کشورشرماکے علاوہ مشیر آر آر بھٹناگر، پرنسپل سکریٹری شیلندر کمار، ڈویڑنل کمشنر جموں راگھو لینگر، اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ اور دیگر افسران بھی موجودتھے ۔اس موقعہ پر روڑ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اعلان کیاکہ جموں و کشمیر میں جلد ہی الیکٹرک AC بسیں چلیں گی ۔انہوںنے کہاکہ شاہراہوں اورسڑکوں کے پھیلاؤ کامقصد ترقیاتی اسکیموں اورپروجیکٹوںکودور درازکے لوگوں تک پہنچاناہے ۔مرکزی وزیرنتن گڈکری نے بتایاکہ مرکزی سرکار نے جموں وکشمیرکوایک مثالی ترقی یافتہ علاقہ بنانے کی ٹھان لی ہے اوراس مقصدکیلئے جموں وکشمیرمیں گزشتہ 2برسوں کے دوران کئی اہم پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ۔انہوںنے اس یقین کااظہارکیاکہ جموں وکشمیر بہت جلد ترقی کے نئے منازل کامیابی کیساتھ طے کرے گی ۔ مرکزی وزیر نتنگڈکری نے کہا کہ پروجیکٹوں سے سفر کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں الیکٹرک AC بسوں کے آغاز پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، جس سے مسافروں کیلئے کرایہ بھی کم ہو جائے گا۔سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق، یہ پروجیکٹ جموں اور کشمیر وادی کے درمیان ہمہ موسمی رابطہ فراہم کریں گے۔ وزارت نے کہا کہ یہ خطے کی زرعی، صنعتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ دفاعی افواج کی تیز رفتار نقل و حرکت کے لیے حکمت عملی کے لحاظ سے اہم ہیں۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ منصوبے مختلف ضلعی ہیڈکوارٹرز کی طرف جانے والی تمام بڑی سڑکوں کو جوڑیں گے اور روزگار اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد کریں گے۔