جموں: چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں و کشمیر میں غذائیت کی صورتحال اور کمیونٹی کچن کی ضرورت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ فائنانس، ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، سکول ایجوکیشن ، لیبر اینڈ ایمپلایمنٹ ، سوشل ویلفئیر اور فوڈ ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ فورٹیفائیڈ فوڈ کو مکمل طور پر تبدیل کرے جو آنگن واڑی مراکز اور مڈ ڈے میل اسکیم کے تمام استفادہ کنندگان کو مفت تقسیم کیا جائے گا ۔ محکمہ کو مزید کہا گیا کہ وہ مقامی حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر صحت مند اور متوازن غذا اور صحت مند عادات کو فروغ دینے کیلئے ’’ کپوشن مکت جموں و کشمیر ‘‘ کیلئے ایک ماہ طویل مہم کا اہتمام کرے ۔ اس مہم کا مقصد غذائیت کی کمی کے کیسوں کی نشاندہی کرنا ہے جو بعد میں نتایج کی بنیاد پر ہدفی انداز میں اٹھائے جائیں گے ۔ ڈاکٹر مہتا نے متعلقہ پنچائتوں اور اربن لوکل باڈیز میں فوڈ گرڈ کے قیام کی ہدایت دی تا کہ وہ غذائی قلت کے معاملات کی نشاندہی اور نگرانی کریں اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ذریعے اپنے دائیرہ اختیار میں کمیونٹی کچن کھولنے کی سفارش کریں ۔ چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ غذائی قلت یا فاقہ کشی کا کوئی بھی کیس فوری طور پر متعلقہ تحصیل سپلائی آفیسر کے نوٹس میں فوری امداد کیلئے لایا جائے ۔ محکمہ خوراک ،سول سپلائیز اور کنزیومر افئیرز سے کہا گیا کہ وہ نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ ، مڈ ڈے میل اور انٹی گریٹڈ چائیلڈ ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت خوراک کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرے ۔