سرینگر:کووڈ کے نئے قسم کے تیزی کے ساتھ پھیلائو کے چلتے صوبائی انتظامیہ کشمیر نے واضح کر دیا ہے کہ سرینگر آنے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ لازمی ہوگا ۔ سی این اائی کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ سرینگر آنے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کی آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹنگ لازمی ہے ۔ ایک مقامی خبر رساں ادارے کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ابھی کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے لہذا احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے سرینگر کے جن علاقوں میں کورونا کے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں ان علاقوں کو کنٹن منٹ زون قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں جو بھی بین الاقوامی مسافر آ رہے ہیں، خواہ وہ شارجہ سے آرہے ہوں یا کسی اور جگہ سے ان کی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ لازمی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں اور ٹیسٹ رپورٹ آنے تک انہیں ہوٹل میں کورنٹائن کیا جاتا ہے، پھر جن کی رپورٹ مثبت آتی ہے انہیں کووڈ ہسپتال واقع کھنموہ منتقل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ابھی تک اومیکرون کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے اور وبا کی یہ نئی قسم بھی بہت ہی تیزی سے پھیلتی ہے۔ اور سرینگر کے کچھ علاقوں میں کورونا کے کیسز زیادہ آرہے ہیں اس لیے انہیں کنٹیمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ کورونا وبا کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے لوگوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔