سرینگر:جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے ایل جی انتظامیہ کو خط تحریر کرکے ٹیسٹنگ کو فعال کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یو پی آئی کے مطابق جموںوکشمیر میں بدھ کے روز چار سو سے زائد کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے جس وجہ سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت نے جموںوکشمیر انتظامیہ کو خط تحریر کیا ہے جس میں کورونا کے یومیہ ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھانے کی بات کئی گئی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر جموںوکشمیر انتظامیہ نے سبھی اضلاع میں ٹیسٹ ریٹ بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ افراد کے رابطوں کے بھی ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا چونکہ پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموںوکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں لگاتار اُچھال دیکھنے کو مل رہا ہے جس وجہ سے لوگوں میں ایک دفعہ پھر فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ جموںوکشمیر انتظامیہ نے رات کا کرفیو بھی نافذ کیا ہے جبکہ جن علاقوں میں نصف درجن سے زائد کیسز رپورٹ ہونگے اُنہیں بندش والے زون قرار دینے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔