سری نگر:کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اورجموںمیں بدھ کے روز بھی دھوپ نکلی تاہم شدید سردی کی لہرجاری ہے کیونکہ خطہ پیرپنچال کے آرپار بیشترعلاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں تنزلی کاسلسلہ جاری ہے جبکہ حالیہ برف باری کے بعدسہ پہرکے وقت انتہائی یخ بستہ ہوائیں چلنے کے بعدلوگ گھروں میں قیام کوہی ترجیح دیتے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں و کشمیر کی مگرما ئی راجدھانی سری نگر میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی3.6ڈگریسینٹی گریڈریکارڈکیا گیاجوسال کے اس وقت کیلئے معمول سے 1.5ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدارنے کہا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں واقع دنیا کا مشہور اسکیئنگ ریزورٹ گلمرگ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈہوجوسومواراورمنگل کی درمیانی رات کودرج درجہ حرارت منفی10.6ڈگری سینٹی گریڈ سے تقریباً ایک ڈگری سینٹی گریڈکم تھا ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیرمیں و اقع مشہور تفریحی مقام پہلگام میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔خیال رہے کشمیر اس وقت سردیوں کے 40 دن کے سخت ترین دور کی گرفت میں ہے، جسے مقامی طور پر’چلہ کلاں‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جو 21 دسمبر سے شروع ہوا تھا،اور31جنوری تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد 20دن کا ’چلہ خورد‘ اور10 دن کا طویل ’چلہ بچہ‘ کے ہونگے،اوریوں موسم سرماکے سخت ترین ایام فروری کے آخرتک جاری رہیں گے ۔محکمہ موسمیات کے عہدیدارنے مزیدکہا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن قاضی گنڈ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔عہدیدار نے بتایا کہ کوکرناگ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سال کے اس وقت کے دوران سرمائی دارالحکومت کے لئے معمول سے منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیدارنے مزید بتایا کہ بانہال میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی3.1 ڈگری سینٹی گریڈ، کٹرا میں منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں کم سے کم منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔یادرہے محکمہ موسمیات نے 16 جنوری تک جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا اور رات کا پارہ گرے گا۔ ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے برفباری والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو برفانی تودے سے ہوشیار رہنے کی بھی تاکید کی ہے۔