سری نگر:جموں وکشمیر کے کولگام ضلع کے پاری ون گاوں میں بدھ کی شام کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹیٹ جنوبی ضلع کولگام کے پاری ون علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اْنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔انہوں نے کہا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ، چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ میں طرفین کے درمیان گولی باری میں ایک جنگجو اور ایک ایس اُو جی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے درمیان جاری گولی باری کے نتیجے میں فورسز کے مزید تین اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ جائے جھڑپ کے نزدیک دو عام شہری بھی معمولی زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں اور عام شہریوں کو فوری علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی ہسپتالوں کو منتقل کیا گیا جبکہ علاقہ میں مزید جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے جائے جھڑپ کے ارد گرد فورسز کا گھرائو مزید تنگ کردیا گیا۔ ادھر آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقہ میں فوجی آپریشن جاری تھا۔