اندرا نگر سونہ وار علاقے میں ریچھ کی موجودگی کے بعد وائلڈ لائف محکمہ کی ٹیم تعینات
سری نگر، 14 جنوری ….. سیکورٹی کے لحاظ سے انتہائی حساس اندرا نگر سونہ وار علاقے میں جمعے اعلیٰ الصبح بھاری برکم ریچھ دیکھا گیا جس کے بعد وائلڈ لائف محکمہ کی ٹیم بھی حرکت میں آئی اورجگہ جگہ پھندے نصب کئے۔
وائلڈ لائف محکمہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ مقامی لوگوں کی جانب سے اطلاع موصول ہونے کے بعد وائلڈ لائف کی ایک ٹیم کو علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریچھ کی نقل وحرکت کے بارے میں صرف زبانی جانکاری ملی اس حوالے سے ابھی تک کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے۔
اُن کے مطابق پھر بھی ہم نے ایک ٹیم علاقے میں تعینات کی ہے اور جس جگہ ریچھ کو دیکھا گیا وہاں پر پنجرے میں بھی نصب کئے گئے ہیں۔
وائلڈ لائف آفیسر نے سونہ وار اور اس کے ملحقہ علاقوں کے لوگوں سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس ریچھ کی ویڈیو یا تصاویر ہیں تو وہ فوری طورپر ہمیں محکمہ کو اس بارے میں مطلع کریں کیونکہ اس سے ہمیں ریچھ کو تلاش کرنے میں آسانی ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں آفیسر نے بتایا کہ سونہ وار کے کئی علاقے پہاڑی کے دامن میں واقع ہے اور وہاں پر ریچھ کی موجودگی کو خارج از امکان بھی قرار نہیں دیاجاسکتا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگو ں کو صبح اور شام کے اوقات میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔(یو این آئی)