سرینگر:محکمہ زراعت کی پیداوار ( اے پی ڈی ) کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) اٹل ڈولو نے بدھوار کو حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کاشتکاری میں بہتر تکنیکی مداخلتوں کے ذریعے کسانوں کی آمدنی میں کئی گنا اضافہ کرنا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری باغبانی کے بہترین طریقوں پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے آئی سی اے آر ۔ سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹمپریٹ ہارٹی کلچر کے سائینسدانوں /ماہرین کے ساتھ ترقی پسند کسانوں کے ایک روزہ ایکسپوزر ۔ ٹور ۔ کم ۔ فیلڈ وزٹ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے حصہ لینے لینے والے کسانوں ، سائنسدانوں ، زراعت اور خاص طور پر باغبانی سے منسلک شعبوں کے افسران پر زور دیا کہ پیداوار اور پیداواری صلاحیت سے بڑھ کر کام کرنے کیلئے بنیادی طور پر ویلیو ایڈیشن ، برانڈنگ ، مارکیٹنگ ، پیکجنگ وغیرہ پر توجہ مرکوز کریں ۔ مسٹر ڈولو نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی اور تحقیق نے توسیع میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے جہاں جدید ترین ٹیکنالوجی کو تحقیق کے ساتھ ساتھ کسانوں تک لے جا کر ان کی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مصنوعی ذہانت کی آمد اور کمپیوٹر سائنس میں جدید ترین ایجادات کے ساتھ ہمارے کسان موسم کی پیشن گوئی ، فصل اور مٹی کی نگرانی ، ریموٹ سینسنگ اور جی آئی ایس میپنگ جیسے شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال کر سکتے ہیں ۔ ‘‘ اس موقع پر وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی آف کشمیر ( سکاسٹ کے ) پروفیسر ( ڈاکٹر ) نذیر احمد گنائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اور اس سے منسلک شعبے خصوصاً باغبانی کے شعبے کیلئے جس کی وجہ سے پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے میں حکومت کی طرف سے بہت زیادہ معاونت کا نظام موجود ہے ۔ ڈائریکٹر آئی سی اے آر ۔ سی آئی ٹی ایچ ڈاکٹر اوم چند شرما نے اہم معتدل باغبانی فصلوں پر بنیادی حکمتِ عملی اور اطلاقی تحقیق کرنے کیلئے ادارے کے کردار کے بارے میں بات کی ۔ سیکرٹری جے اینڈ کے ایڈوائیزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسان عبدالحمید وانی نے پروگرام کیلئے آئی سی اے آر ۔ سی آئی ٹی ایچ کی تکمیل کی اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام کسانوں کو کاشتکاری میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کے استعمال کیلئے سائنسدانوں سے رابطہ قائم کرنے میں مدد کریں گے ۔ پروگرام کے دوران کئی ترقی پسند کسانوں نے مختلف مسائل اور سوالات پیش کئے جن پر مقررین نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔ قبل ازیں یہاں راج باغ میں ڈائریکٹوریٹ آف ہارٹیکلچر کشمیر میں مسٹر ڈولو نے 150 ترقی پسند کسانوں کے دستے کو یہاں سی آئی ٹی ایچ رنگریٹھ میں ایک روزہ ایکسپوزر ٹور اور فیلڈ وزٹ کیلئے ہری جھنڈی دکھائی ۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ، ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر ، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ، منیجنگ ڈائریکٹر ایگرو انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ، منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر ہارٹیکلچر پروڈیوس مارکیٹنگ اینڈ پروسیسنگ کارپوریشن لمٹیڈ ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر ، ڈائریکٹر فلوریکلچر کشمیر اور دیگر اہم شخصیات پروگرام کے دوران موجود تھیں ۔