سری نگر،15 جولائی
ناساز موسمی حالات کے باعث ایک روز عارضی طور بند رہنے کے بعد شری امرناتھ یاترا جمعے کو دونوں بیس کیمپوں پہلگام اور بالتل سے بحال ہوگئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعے کو دونوں ننون پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں سے یاتریوں کو پوتر گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ مختصر ترین روٹ بالتل سے یاترا قدرے دیر سے ہی بحال ہوئی اور 3 ہزار6 سو 73 یاتریوں پر مشتمل قافلہ پوتر گھپا کی طرف روانہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ان یاتریوں میں 946 خواتین،88 سادھو اور14 بچے شامل تھے۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ بالتل بیس کیمپ سے 395 یاتریوں کو چاپر کے ذریعے پوتر گھپا پہنچایا گیا جہاں انہوں نے درشن کیا۔انہوں نے کہا کہ ننون پہلگام بیس کیمپ سے بھی یاتریوں کے تازہ قافلوں کو پوتر گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔دریں اثنا بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے جمعے کی صبح 5 ہزار4 سو یاتریوں پر مشتمل سولہواں قافلہ ننون پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوگیا۔بتادیں کہ اب تک زائد از ڈیڑھ لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔43 دنوں پر محیط یہ یاترا 11 اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔