نیشنل ڈیسک//آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے برطانیہ اور اٹلی کے چار روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں ، جہاں وہ ان ممالک میں اپنے ہم منصبوں اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ جنرل نروانے پیر سے جمعرات تک ان دونوں ممالک کے دورے پر ہوں گے اور ان کے دورے کا بنیادی مقصد دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔دورے کے پہلے مرحلے میں ، آرمی چیف پیر اور منگل کو برطانیہ میں ہوں گے، جہاں وہ برطانیہ کے وزیر دفاع ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آرمی چیف سے دفاعی شعبے سے متعلق مختلف امور پر بات کریں گے۔ وہ فوج کی متعدد یونٹوں کا بھی دورہ کریں گے اور باہمی اہمیت کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔اس دورے کے دوسرے مرحلے میں ، وہ بدھ اور جمعرات کو اٹلی میں ہوں گے جہاں چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آرمی چیف سے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ آرمی چیف کیسینو شہر میں ہندوستانی آرمی میموریل کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ روم میں اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ایک مرکز کا بھی دورہ کریں گے۔