سری نگر: وادی کشمیر میں جمعے کو بلند پایہ ولی کامل حضرت خواجہ بہاوا لدین نقشبند صاحب(رح) کا سالانہ عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور اس سلسلے میں سری نگر کے خواجہ بازار علاقے میں ’’خوجہ دگر ‘‘کے موقع پر ہزاروں عقیدتمندوں نے نماز عصر میں شرکت کی جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کوملے۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پائین شہر کے خواجہ بازا ر علاقے میں جمعے کے روز حضرت خواجہ بہاو الدین نقشبند صاحب (رح) کا سالانہ عرس عقیدت و احترا م کے ساتھ منایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عرس کی منابست سے خواجہ بازار سری نگر میں خوجہ دگر (عصر کی نماز ) پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ان کا کہنا تھا کہ زائرین کی تعداد کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ نوہٹہ چوک سے لے کر خانیار چوک تک لوگوں نے شاہراہ پر نماز عصر ادا کی۔اْن کے مطابق نماز عصر کے بعد خانقاہ فیض پناہ نقشبند صاحب میں ختمات المعظمات اور درود ازکار کا اہتمام ہوا جس دوران خصوصی دعائیں کی گئیں۔معروف مصنف ، جنہوں نے کشمیر کے صوفی بزرگوں پر ایک کتاب بھی تصنیف کی ہے، نے کہا، "خواجہ دگر کا رواج حضرت خواجہ خواند محمود (رح)کے زمانے سے 1017 ہجری (405 سال) سے ایک روایت کے طور پر جاری ہے۔”مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خوجہ دگر کے موقع پر لوگ عید کی طرح نئے کپڑے زیب تن کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے آباو اجداد اس روز نئے کپڑے پہننے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کو بھی گھر پر بلاتے تھے جو خوجہ دگر میں شمولیت کے بعد واپس گھر چلے جاتے تھے۔یو این آئی