سرینگر۔ 25؍ اکتوبر۔: فنکاروں کے عالمی دن کے موقعے پر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو سرینگر میں تین ہفتوں تک جاری رہنے والے جشن کشمیر ” کلچرل فیسٹول کا افتتاح کیا۔اس تقریب کا انعقاد جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز سرینگر نے شاہ قلندر فورک تھیٹر اور آل جے اینڈ کے فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے کیا۔ تین ہفتوں تک جاری رہنے والےاس کلچرل پروگرام میں ڈویژنل کمشنر کے دفتر کا تعاون بھی شامل ہے-اس موقعے پر وادی کشمیر کے معروف اداکار، ہدایت کار اور کلچرل ایکٹوسٹ مشتاق علی احمد خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایک خبرساں ادارے کے نمائندے کے مطابق مشتاق علی احمد خان نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ کشمیر میں تھیٹر کو نئی جلا عطا کرنے میں مشتاق علی احمد کا کردار یقیناً نا قابل فراموش ہے۔ پچھلی تین دہائیوں کے پر آشوب دور میں کشمیر کا وہ تھیٹر جو کبھی عروج پر ہوا کرتا تھا گمنامی کے اندھیروں میں کھو گیا البتہ مشتاق علی احمد خان نے فنون لطیفہ کی اس اہم صنف کو نئی زندگی عطا کرنے اور نئے ٹیلنٹ کو راغب کرنے میں جو کردار ادا کیا وہ ہر ایک لحاظ سے قابل ستائش ہے۔ مشتاق علی احمد خان کا تعلق اسٹیج کے علاوہ ٹیلی ویژن کی دنیا سے ہے ۔ آپ کی وابستگی کشمیری ٹیلی ویژن سے ہی نہیں بلکہ قومی ٹیلی ویژن سے بھی ہے۔ مشتا ق علی احمد خان تھیٹر کے، ایکٹر، پرڈیوسر اور ڈائریکٹر ہونے کے علاوہ کلچرل اکٹیوسٹ کی حیثیت سے بھی سرگرم عمل ہیں ۔ انہوں نے وادی کشمیر میں کشمیر فلم فیسٹول کے چار کامیاب ایڈیشن منعقد کئے ہیں ۔ اس موقعے پر وقف بورڈ کی چیر پرسن ڈاکٹر درخشاں انداربی، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے، ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد ، دیگر اعلیٰ افسران فنکارون کی کثیر تعداد موجود تھی۔