سرینگر //جموں کشمیر کو ’’بھارت کا تاج‘‘ قرار دیتے ہوئے کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے کہا کہ کوئی بھی جموں کشمیر کو بھارت سے الگ نہیں کرسکتاکیونکہ ہندوستان بھی زمین کا ٹکڑا نہیں ہے بلکہ ایک مضبوط سوچ ہے،جسے ٹوٹا نہیں جاسکتا۔سی این آئی کے مطابق جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نے کہا کہ جموں کشمیر بھارت کا تاج ہے اور ہمیشہ اس کو تاج کی طرح کی سجایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بیرون ریاست سے جموں کشمیر آئے جنہوں نے وہاں بھارت کو کمزور کرنے کی کوششیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک مضبوط سوچ ہے اور بھارت کیخلاف کوئی بھی ساز ش کامیاب نہیں ہو سکتی ہے ۔ کیرالہ کے گورنر نے سنیئر مزاحمتی لیڈر مرحوم سید علی شاہ گیلانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ایران سے گیلانی کشمیر آئے جس کے بعد انہوں نے بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتے تھے ۔وہ گیلان کے شہری تھے (کشمیری نہیں)‘‘۔ خان نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا تاج ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کوئی بھی اسے ہندوستان سے الگ نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا کہ ہندوستان بھی زمین کا ٹکڑا نہیں ہے بلکہ ایک مضبوط سوچ ہے، جسے ٹوٹا نہیں جاسکتا۔وزیر اعظم نریندر مودی کے نعرہ ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس ‘‘کو ایک متحرک منتر قرار دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ایک کو علم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔سوامی وویکانند کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک لاکھوں لوگ بھوک اور جہالت میں رہتے ہیں، میں ہر اس آدمی کو غدار سمجھتا ہوں جو، ان کی قیمت پر تعلیم حاصل کرنے کے بعد، ان پر ذرا بھی توجہ نہیں دیتا، خان نے مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ایک کو علم فراہم کرنے پر زور دیا۔