سرینگر//وادی میںسردی میں اضافہ کے ساتھ ہی کانگڑیوں اور کوئلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کے نتیجے میںعام لوگ سردیوں سے بچنے کیلئے درکار کوئلہ اور کانگڑیاں خریدنے کی قوت کھو رہے ہیں ۔ سی این آئی کے مطابق وادی میںایکطرف جہاںموسم خشک ہے اور دن میں ہلکی دھوپ کھلتی ہے تاہم اس کے باجود بھی ہڑیوں کو جمادینے والی سردی بھی شدت اختیار کررہی ہے ۔ رات میں منفی درجہ حرارت اور دن میں یخ بستہ ہوائیوں کے بیچ سردیوں سے بچنے کیلئے موثر مانے جانے والی کانگڑیوںکی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا ہے ۔ سی این آئی سٹی رپورٹر نے اس سلسلے میںشہر سرینگر کے متعدد علاقوںمیں کانگڑیاںفروخت کرنے والے دکانداروں سے اس بارے میں بات کی جنہوںنے کہا کہ رواں سیزن کانگڑیوں کی مانگ میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے کیوں کہ وادی میں سردی کافی بڑھ گئی ہے انہوںنے کہا کہ تاہم رواں برس کانگڑیوں کی قیمتوں میں قریب 40فیصدی اضافہ ہوا ہے ۔ جوکانگڑی گزشتہ برس 200روپے میں فروخت کی جاتی تھی آج اس کی قیمت قریب 350روپے ہے اور یہ سب سے سستی کانگڑی کی قیمت ہے جبکہ اس کے علاوہ ایک کانگڑی 350روپے سے لیکر 600روپے فروخت ہورہی ہے ان کانگڑیوں میں شوپیاں کی کانگڑیاں ، اسلام آباد کی کانگڑی اور بانڈی پورہ کی کانڈیاں بھی شامل ہیں جہاںکی کانگڑی دیگر کانگڑیوں کے بنسبت بہتر ہوتی ہے اور یہ مضبوط اور پائیدار ثابت ہوتی ہے اسی لئے ان کانگڑیوںکی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہورہا ہے ۔ کانگڑی فروشوں نے کہا ہے کہ اگرچہ موجودہ الکٹرانک دور میں گرمی کے دیگر زرائع بھی ہیں جن میں روم ہیٹر، گیس ہیٹر ، اے سی اور دیگر چیزیں بھی ہیں تاہم کانگڑی جو کہ یہاں پر صدیوں سے استعمال کی جارہی ہے کو ہی لوگ زیادہ پسند کرتے ہیں گھروں میں دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ گانگڑی بھی اپنی اہمیت قائم کئے ہوئے ہیں اور اکثر لوگ کانگڑی کے ہی استعال کو ترجیح دیتے ہیں اس کی ایک بڑٰ وجہ یہ بھی ہے کہ کانگڑی کو ہم کسی بھی جگہ اپنے ساتھ لے سکتے ہیں اور اس کا استعمال انفرادی طور پر ہوتا ہے جبکہ روم ہیٹراور دیگر ذرائع صرف کمروں تک ہی محدود رہتے ہیں ۔ کانگڑیاں دوران سفر بھی ساتھ رکھ سکتے ہیں اور اکثر عمر رسیدہ افراد اور خواتین گاڑیوں میں بھی کانگڑی ساتھ رکھتے ہیں ۔ دریں اثناء سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ جہاں کانگڑیاں مہنگی ہورہی ہیں وہیں پر کوئلہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔جس کے نتیجے میں عام آدمی سخت پریشان ہوگیا ہے ۔