سرینگر//جموں کشمیر کے عوام نے بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے خطے میں امن کیلئے تعاون کیا ہے کی بات کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت نے نہ تو کبھی کسی ملک پر حملہ کیا ہے اور ناہی کبھی کسی ملک کی ایک انچ زمین پر قبضہ کیا ہے ۔البتہ اگر بھارت چاہتا تو پڑوسی ملک کی زمین پر قبضہ کرسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک جموںکشمیر میں درپردہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم بھارت ان کی سبھی کوششوںکو ناکام بنارہا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ڈیفنس ایکوزیشن کونسل (ڈی اے سی) کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت نے نہ تو کبھی کسی ملک پر حملہ کیا ہے اور نہ ہی کبھی کسی ملک کی ایک اِنچ زمین پر بھی قبضہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی دفاعی پوزیشن اس لئے مضبو ط کررہا ہے کیوں کہ بھارت خطے میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پڑوسی ملک ہمارے حصے جموں کشمیر میں تخریب کاری اور درپردہ جنگ میں براہ راست ملوث ہے اور اب تک بین الاقوامی برادری کو اس کے کافی ثبوت فراہم کئے جاچکے ہیں ۔سنگھ نے کسی بھی ملک کا نام لئے بغیر کہا کہ اگر بھارت چاہتا تو 1971 کی جنگ میں ، اْن کی زمین پر قبضہ کر سکتا تھا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت ، ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے اور یہ ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تربیت یافتہ ، سائنسی ، تکنیکی اور انتظام و نظم و نسق سے متعلق باصلاحیت نوجوان افراد موجود ہیں اور وہ دنیا کی اعلیٰ ترین تنظیموں کے سی ای اوز بن رہے ہیں۔ سنگھ نے کہا کہ حکومت ، بھارت کو دنیا کا سب سے صحت مند ملک اور سب سے زیادہ باصلاحیت افرادی قوت بنانے کی غرض سے ، تعلیم اور حفظانِ صحت کے شعبوں میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔