کپواڑہ؍6؍جنوری؍
ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دَتاترے نے آج ضلع سطح کی رابطہ کمیٹی برائے قومی تمباکو کنٹرول پروگرام ( این ٹی سی پی ) کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں سگریٹ اور دیگر تمباکو پروڈکٹ ایکٹ ( سی او ٹی پی اے ) ۔2003کی عمل آوری اقدامات کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سی او ٹی پی ایکٹ کی شقوں پر سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنائیں اور ضلع میں بالخصوص عوامی مقامات سے تمباکو مصنوعات کے اِستعمال کے خاتمے کو یقینی بنائیں ۔
اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں ، تعلیمی اِداروں ، سرکاری دفاتر ، پبلک ٹرانسپورٹ کے اَندر اور اِس کے اِرد گرد خلاف ورزی کرنے والوں پر جُرمانے عائد کرنے کی مہم کو تیز کریںاور اُنہو ں نے مزید کہا کہ اِس سے مجرموں کو ایسی سرگرمیوں سے باز رہنے کا سخت پیغام ملے گا۔اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی جنہیں ضلع میں سی او ٹی پی اے کی عمل آوری کے لئے نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ، کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف چالان کو یقینی بنائیں۔ اُنہیں چالان کی تعداد ،جُرمانے کی وصولی اور دیگر کنٹرولنگ اَقدامات کے حوالے سے ماہانہ رِپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی اِداروں ، سرکاری دفاتر ، ہسپتالوں اور مسافر بسوں میں سگریٹ نوشی نہ کرنے اور تمباکو نوشی کی ممانعت کے لئے جُرمانے کے نشانات والے بورڈ بھی لگائے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ سکارڈ کو بھی نامزد کا گیا تھا اور اس میں سی ایم او، سی اِی او ، اے سی فوڈ سیفٹی اور ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر شامل تھے۔