سری نگر11 جنوری ؍
سرحدی ضلع کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں ایک افسر سمیت تین فوجی اہلکار پھسل کر ایک گہری کھائی میں گرجانے سے جان بحق ہوگئے۔فوجی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مژھل میں اس وقت پیش آیا جب یہ تینوں فوجی جوان برف سے ڈھکے ایک ٹریک سے گذر رہے تھے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سرحدی ضلع کپواڑہ کے مڑھل سیکٹر میں منگل شام پانچ بجکر 30منٹ پر پْر خطر پہاڑی راستے پر پیٹرولنگ کے دوران تین فوجی اہلکار پیر پھسل جانے کے نتیجے میں گہری کھائی میں جاگرے۔انہوں نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال کے باوجود فوج نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور بدھ کی صبح تینوں فوجیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔اْن کے مطابق متوفین کی شناخت جے سی او پرشتم کمار ، حولدار امرک سنگھ اور امیت شرما کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جے سی او پرشتم کمار نے سال 1996میں فوج کو جوائن کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جونیئر کمیشنڈ آفیسر تحصیل بشنا ضلع جموں کا ساکن تھا اور اْس نے اپنے پیچھے بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا۔حادثے میں از جان ہونے والے حولدار امرک سنگھ کی عمر 39تھی اور اْس نے 2001میں فوج میں جوائن کیا او روہ ہماچل پردیش کے یونا ضلع کا ساکن تھا۔اْن کے مطابق امرک سنگھ ے اپنے پیچھے بیوہ اور ایک بیٹے کو چھوڑا ہے۔امیت شرما نامی فوجی اہلکار ہمیر پورہماچل پردیش کا ساکن تھا اور اْس نے اپنے پیچھے ماں کو چھوڑا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران تین فوجی اہلکار شہید ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ تینوں فوجیوں کی لاشیں آبائی علاقوں کی اور روانہ کی گئی ہیں۔مصیبت کی اس گھڑی میں فوج سوگورا ن کنبوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کپوارہ کے مڑھل سیکٹر میں کھائی میں گر کر جاں بحق ہونے والے فوجی جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کیا۔بتادیں کہ سرحدی ضلع کپوارہ کے مڑھل سیکٹر میں ایک افسر سمیت تین فوجی اہلکار پھسل کر ایک گہری کھائی میں گرجانے سے جان بحق ہوگئے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے جاں بحق ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عیقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کپوارہ کے مڑھل سیکٹر میں اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے دوران از جان ہونے والے بہادر فوجی جوانوں کے حوصلے کو سلام کرتا ہوں‘۔انہوں نے کہا: ‘ان شہیدوں کے خاندانوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں‘۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’ قوم کے تئیں ان کی قربانی اور بے لوث خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘۔