یو این آئی
سری نگر،26 جنوری // گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول نشاط نے یہاں شیر کشمیر اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران پریڈ کے میدان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہائر سیکنڈری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نشاط کے پریڈ کنٹنجنٹ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر شیر کشمیر اسٹیڈیم سونہ وار میں منعقدہ تقریب کے دوران پریڈ میں حصہ لیا انہوں نے کہا کہ اس دوران اسکول کے طلبا نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جس کے لئے انہیں بہترین پریڈ کنٹنجنٹ قرار دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پریڈ کے میدان میں اس اسکول نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
دریں اثنا زونل ہیڈ کوارٹر پولیس سری نگر نے طلبا میں اس تقریب میں شرکت کرنے کی اسناد تقسیم کیں۔
قابل ذکر ہے کہ اسی اسکول میں زیر تعلیم ایک این سی سی کیڈٹ فضہ شفیع کو حال ہی میں رکشا منتری کمنڈیشن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے 21 جنوری کو دہلی کینٹ میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے یوم جمہوریہ کیمپ کا دورہ کرنے کے دوران موصوف کیڈٹ کو اس اعزاز سے نوازا تھا۔
مذکورہ ہائر سیکنڈری سکول کے سٹاف کا ماننا ہے کہ پرنسپل غلام محی الدین شیخ کی سربراہی میں اسکول تمام شعبوں میں آگے بڑھ رہا ہے طلبا ہر میدان میں نمایاں کارنامے انجام دے کر اسکول اور کشمیر کا نام روشن کر رہے ہیں۔