جموں/31؍جنوری///کشمیر انفو//
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زراعت اَتل ڈولو نے آج یہاں جموںوکشمیر یوٹی میں موسم کی تشکیل نو پر مبنی فصل بیمہ سکیم کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں مختلف اِنشورنس کمپنیوں کی جانب سے ٹینڈر دستاویز کے جواب پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ میٹنگ میں سکیم کی عمل آوری سے متعلق تکنیکی اَمور بشمول دائرہ اِختیار کی حد بندی اور فصل کی شناخت پرتبادلہ خیال ہوا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کسانوں کے خدشات کا اِظہار کیا اور اِنشورنس کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ کاشت کار طبقے کی مدد کرنے کے اِنتظامیہ کے مقاصد کو سمجھیں ۔ اُنہوں نے ٹرمز شیٹ کو جلد اَز جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا تاکہ ریکسٹ فار پر پوزل ( آر ایف پی ) کو پیش کیا جاسکے اور قلیل مد ت میں ٹینڈر جاری کئے جاسکیں جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچے ۔ اُنہوں نے اِنتظامیہ کے اِس مقصد پر بھی زور دیا کہ کسانوں کو موسم کی خراب صورتحال سے ہونے والے نقصانات سے بچانا ہے۔دوران میٹنگ شرکأ نے خطے میں مختلف موسمی حالات اور جغرافیائی فرق کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ اِنشورنس سکیم کا مقصد غیر موسمی او رضرورت سے زیادہ بارشوں ، درجہ حرارت کے غیر معمولی اُتار چڑھائو اور اولے کے طوفان سے ہونے والے نقصانات کو پورا کرنا ہے ۔میٹنگ میں نقصانات کا حساب لگانے کے لئے مختلف فصلوں کے لئے تشخیصی طریقۂ کار کا بھی جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں یہ بھی اِنکشاف کیا گیا کہ شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ( سکاسٹ کشمیر ) ایک اِنٹرنیٹ آف تھنگس ( آئی او ٹی ) سسٹم تیار کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ فصل پیداوار ، موسمی اور دیگر منفی حالات کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی نگرانی کی جاسکے۔میٹنگ میں وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر نذیر احمد گنائی ، سیکرٹری اے پی ڈی شبنم کاملی ، مشن ڈائریکٹر پی ایم ایف بی وائی چودھری محمد اقبال کے علاوہ اِنشورنس کمپنیوں کے نمائندے او ردیگر اَفسران موجود تھے۔