سری نگر،26فروری : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اچھن گاوں میں اتوار کے روز مشتبہ جنگجووں نے سیکورٹی گارڈ پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اْس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ٹارگٹ کلنگ کا یہ واقع اتوار کی صبح اچھن پلوامہ میں پیش آیا۔ مہلوک سیکورٹی گارڈ کی شناخت سنجے شرما ولد کاشی ناتھ شرما کے بطور ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ ملی ٹینٹوں نے اتوار کی صبح اچھن پلوامہ میں سیکورٹی گارڈ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔ اگر چہ اسے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔انہوں نے مزید کہاکہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی فوج ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ متوفی کے جسم میں کئی گولیاں پیوست ہوئی تھیں جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ میں اتوار کی صبح ملی ٹینٹوں نے اقلیتی فرقے سے وابستہ ایک شخص پر اْس وقت فائرنگ کی جب وہ بازار کی طرف جا رہا تھا۔انہوں نے کہاکہ زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔پولیس ذرائع نے ٹارگیٹ فائرنگ کے اس واقعہ کے لئے ملی ٹینٹوں کو ذمہ دار ٹھرایا ہے۔بتادیں کہ جمعے کی شام کو حسن پورہ بجبہاڑہ میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے مقامی نوجوان پر فائرنگ کی تاہم گولیاں اْس کی ٹانگ میں پیوست ہوئی تھیں۔وادی کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے تازہ واقعے کے بعد جنوبی کشمیر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فوج ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے پلوامہ کے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جبکہ سیب کے باغات کو بھی کھنگالا جا رہا ہے۔یو این آئی