سری نگر؍26فروری ؍جموں و کشمیر سرکار نے آج تین ملازمین کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر آئین ہند کے آرٹیکل 311کے تحت برطرف کر دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے تحقیقات کے دوران پایا کہ تینوں ملازمین ملک دشمن سرگرمیوں میں براہ راست ملوث ہیں۔انہوں نے ملازمین کی شناخت جونیئر انجینئر منظور احمد یتو، سوشل ویلفیئر میں تعینات سید سلیم اندرابی اور ایک استاد محمد عروف شیخ کے بطور کی ہے۔سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ منظور احمد یتو نے دہشت گردوں کی حمایت کی خاطر لوگوں کو متحرک کرنے اور نوجوانوں کو ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہونے کی خاطر کلیدی کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سید سلیم اندرابی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے جبکہ محمد عروف شیخ پاکستانی ہینڈلرز کی ہدایت پر آئی ای ڈی نصب کرنے میں ملوث پایا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے ملک دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔بتادیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے اب تک 47سرکاری ملازمین کو آئین ہند کے آرٹیکل 311کی دفعات کے تحت نوکریوں سے برطرف کیا ہے۔(یو این آئی )