بڈگام/09؍مارچ
مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ ٹیکسٹائل روہت کنسل جوکہ ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی ( این آئی ایف ٹی ) بھی ہیں، نے آج کیمپس کے قیام کا جائزہ لینے کے لئے این آئی ایف ٹی سری نگر کا دورہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل این آئی ایف ٹی نے کیمپس میں جاری مجموعی تعمیرات کا جائزہ لیا۔
اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد ، منیجنگ ڈائریکٹر سیڈ کو راکیش منہاس او رڈائریکٹر این آئی ایف ٹی سری نگر ڈاکٹر جاوید احمد وانی بھی موجود تھے۔
روہت کنسل نے این آئی ایف ٹی کیمپس اومپورہ کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کو 31؍ مارچ 2023ء تک تمام تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے کہا ،’’ کیمپس کی زمین کی تزئین پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور اسے ایک سبز کیمپس اور جمالیاتی لحاظ سے خوبصورت نظر آنا چاہیے۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ این آئی ایف ٹی سری نگر کو کاریگر برادری کی بہتری میں ایک سرکردہ اِدارہ ہونا چاہئے جس میں ڈیزائن کی ترقی ، برانڈنگ اور مارکیٹنگ ہونی چاہیے۔
روہت کنسل نے تعمیر کا جائزہ لینے کے بعد این آئی ایف ٹی سری نگر کے عملے اور طلباء سے بھی بات چیت کی۔
اُنہوں نے کہا ،’’ این آئی ایف ٹی سری نگر پورے ملک میں سب سے خوبصورت اور اچھی طرح سے تیار کردہ کیمپس میں سے ایک ہے ۔ میری خواہش ہے کہ یہ جلد از جلد مکمل ہو جائے تاکہ ہم اس کا باقاعدہ اِفتتاح کر سکیں۔‘‘
روہت کنسل نے کہا،’’ یہ تمام 18کیمپسز میں سب سے الگ کیمپس ہے اور اس میں بہترین اِنسٹی چیوٹ کے طورپر ترقی کرنے کی گنجائش ہے ۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ این آئی ایف ٹی سری نگر کو ضلعی اِنتظامیہ بڈگام اور حکومت جموںوکشمیر کا تعاون حاصل کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھایا جاسکے۔