مانیٹرنگ//
سری نگر، 11مارچ:سری نگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر عامر خان کا کہنا ہے کہ اس وقت سمارٹ سٹی کے سو کلو میٹر ورک سائٹ پر کام چل رہا ہے جس پر ہزاروں مزدور کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ پر بہترین انجینئرز کام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر مہینے ورک شاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور لوگ ہمیں اپنے مشوروں سے نواز سکتے ہیں۔کمشنر موصوف نے ان باتوں کا اظہار سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کی خاطر شہر میں دن رات کام چل رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کام شروع کرنے سے قبل کئی مہینوں تک سروے کیا گیا اور انجینئروں کی خدمات حاصل کی جس کے بعد شہر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ پر کام شروع کیا گیا ۔ان کے مطابق سینکڑوں لیبر دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ جلدازجلد اس پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ کسی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ سڑک کو کم کیا گیا تاہم میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ پروجیکٹ کو شروع کرنے سے قبل ملک کے نامور انجینئروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کو جاذب نظر بنانے کی خاطر کام شدو مد سے جاری ہے۔کمشنر موصوف نے بتایا کہ بغیر جائزہ لئے سوشل میڈیا پر پوسٹ ڈالنا صحیح نہیں بلکہ ایسے لوگوں کو چاہئے کہ وہ بچشم کام کا ج کا جائزہ لے۔بتادیں کہ معروف صحافی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ شہر کی سڑکوں کو کشادہ کرنے کے بجائے سمارٹ سٹی کے نام پر انہیں تنگ کیا جارہا ہے۔