مانیٹرنگ//
سری نگر،14 مارچ:جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر برف ہٹانے کا کام شد و مد سے جاری ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس تاریخی روڈ کو دو ہفتوں کے اندر قابل آمد رفت بنا کے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
بتادیں کہ مغل روڈ کو ماہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بھاری برف باری کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ سردیوں کے دوران بھاری برف باری کی وجہ سے بند رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس روڈ سے برف ہٹانے کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امسال بالائی علاقوں میں گذشتہ برسوں کے مقابلے میں کم برف باری ہوئی ہے جس کے پیش نظر روڈ کو صاف کرنے میں کم وقت لگے گا۔
موصوف عہدیدار نے کہا کہ اس روڈ پر دو ہفتوں کے اندر برف ہٹانے کا کام مکمل ہونے کی توقع ہے جس کے بعد اس کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
دریں اثنا وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل جا ری ہے۔