کشمیر انفو//
جموں:لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے آج یہاں ٹیچرز بھون میں سات روزہ قبائلی یوتھ ایکسچینج پروگرام کا افتتاح کیا ۔ یہ پروگرام نہرو یووا کیندر سنگٹھن ( این وائی کے ایس ) کی طرف سے منعقد کیا جا رہا ہے اور مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے اسپانسر کیا جا رہا ہے جس کا مقصد قبائلی طلبا کو ملک بھر میں متنوع ثقافتوں ، تعلیم اور ہُنر کی تربیت فراہم کر کے انہیں بااختیار بنانا ہے ۔ افتتاحی تقریب کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ قبائلی یوتھ ایکسچینج پروگرام ہمارے قبائلی طلباء کو نئے افق تلاش کرنے ، اپنے علم اور ہنر کو وسعت دینے اور اپنی پوری صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی طرف ایک قدم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام قبائلی نوجوانوں کی زندگی میں نئے دروازے کھولے گا کیونکہ یہ انہیں اس جگہ کی متنوع ثقافت سے آشنا کرے گا اور انہیں یہاں کے طرز زندگی کے مختلف پہلوؤں اور اس سے منسلک رسوم و رواج کو جاننے میں مدد ملے گی ۔ مشیر نے مزید کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اسی طرح ہماری قبائلی برادریاں بھی ہیں جو ہماری قوم کی ترقی کیلئے لازم و ملزوم ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان یوتھ ایکسچینج پروگراموں کی مدد سے قبائلی نوجوانوں کو ترقی کے عمل کے بہترین طریقوں اور ہمارے ملک بھر میں مختلف شعبوں میں ہونے والی سائنسی اور تکنیکی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے ۔ یہ پروگرام ہمارے نوجوانوں کو تکنیکی اور صنعتی ترقی سے روشناس کرائیں گے ۔ پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تبادلہ پروگرام قبائلی نوجوانوں کی شخصیت کی نشو و نما کیلئے بہت اہم ہو گا کیونکہ ان کی زندگی کے بارے میں ان کی سمجھ ، کیرئیر کی جائیز خواہشات اور روز گار کے قابل ہنر کیلئے دیگر تربیتی ضروریات کو بڑھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے منتظمین کو مشورہ دیا کہ وہ مختلف قسم کی سرگرمیاں جیسے گروپ ڈسکشن ، گیسٹ لیکچرز ، فیلڈ وزٹ ، پینٹنگ کے مقابلے اور دیگر متعلقہ سرگرمیاں پروگرام میں شامل کریں تا کہ شرکاء کو ہماری قوم کے مختلف سماجی ، اقتصادی اور دیگر تنوع کے بارے میں آگاہی اور حساسیت حاصل ہو ۔ ڈائریکٹر این وائی کے ایس جے کے اینڈ لداخ نثار احمد بھٹ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں نوجوانوں کو حکومت ہند کے پروگراموں اور اسکیموں کے بارے میں روشن خیال کیا جو مختلف وزارتوں کے ذریعے سپانسر کئے گئے اور این وائی کے ایس کے ذریعے نافذ کئے گئے ۔ صدر گاندھی گلوبل فیملی جموں و کشمیر پدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما اور صدر جے اینڈ کے ایکس سروسز لیگ لفٹینٹ جنرل راکیش شرما ( ریٹائیرڈ ) نے بھی افتتاحی سیشن کے دوران شرکاء سے خطاب کیا اور شرکاء کو اس پروگرام کے ان کی زندگیوں پر ہونے والے بنیادی فوائد کے بارے میں روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر مشیر بٹھناگر نے جموں خطے کے یوتھ کلبوں میں اسپورٹس کٹس بھی تقسیم کیں ۔ افتتاحی تقریب کے دوران چھتیس گڑھ ، جھار کھنڈ ، مہاراشٹرا اور مدھیہ پردیش کے شرکاء نے اپنی اپنی ریاستوں کے منفرد قبائلی ثقافت اور رسم و رواج کو اجاگر کرتے ہوئے رنگا رنگ ثقافتی پرفارمنس پیش کی ۔