کشمیر انفو//
جموں/26؍مارچ:صوبہ جموں کے مختلف ضلع ترقیاتی کونسلوں کے چیئرپرسن نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن رِیاسی سراف سنگھ ناگ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن جموں بھارت بھوشن ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن سانبہ کیشودت شرما، ڈی ڈی سی چیئرپرسن کٹھوعہ کرنل ( ریٹائرڈ) مہان سنگھ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن اودھمپور لال چند،ڈی ڈی سی چیئر پرسن ڈوڈہ دھنتر سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ پی آر آئی کی ترقی اور مضبوطی سے متعلق مختلف اَمور پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنرکو اَپنے ضلع کے مخصوص مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے جلد اَز جلد ازالے میں ان سے مداخلت کی درخواست کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے پنچایتی راج اِداروں کو بااِختیار بنانے ، اِنتظامیہ اور پی آر آئی کے نمائندوں کے درمیان تعاون اور تال میل کو آسان بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن کو بات چیت کے دوران پیش کردہ مسائل پر مناسب غور کرنے کا یقین دِلایا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج محترمہ مندیپ کور موجود تھیں۔