جموں: بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ جب بھی الیکشن کمیشن جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں کوئی فیصلہ لے گا تو ہماری پارٹی پوری طاقت سے الیکشن لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے باقی حصوں کی طرح جموں و کشمیر کے لوگ بھی بھاری اکثریت سے بی جے پی سرکار بنائیں گے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار بی جے پی کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘پورے ملک کے ساتھ ساتھ بی جے پی جموں وکشمیر میں بھی ایک مضبوط سیاسی جماعت ہے اور جب بھی الیکشن کمیشن جموں وکشمیر میں انتخابات کے بارے میں کوئی فیصلہ لے گا تو بی جے پی پوری طاقت کے ساتھ چنائو لڑے گی’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں عوام کا آشر واد یقیناً ملے گا کیونکہ ہمارے وزیر اعظم شری نریندر مودی نے لوگوں کے لئے اسکمیں بنائی ہیں اور غریب لوگوں کا بھلا کیا ہے’۔رویندر رینہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ملک کے باقی حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی لوگ بھاری اکثریت سے ہماری سرکار بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے دونوں خطوں میں بی جے پی کافی مضبوط ہے اور آنے والے چناو میں بھاجپا واحد پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔ موصوف صدر کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی کے ساتھ لوگ جڑ رہے ہیں اور آنے والے اسمبلی چناو میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی کے پروگراموں سے متاثر ہو کر یومیہ لوگ اس کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہا رکر رہے ہیں۔ یو این آئی