نئی دہلی : مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھا نے بتایا ہے کہ اس مرتبہ میڈیکل کورسیز میں داخلہ کیلئے ہونے والا این ای ای ٹی امتحان 13 زبانوں میں منعقد کیا جائے گا ۔ نیٹ یوجی 2021 میں پہلی مرتبہ پنجابی اور ملیالم زبان کو جوڑا گیا ہے ۔ اب یہ امتحان ہندی ، پنجابی ، آسام ، بنگالی ، اڑیا ، گجرات ، مراٹھی ، تیلگو ، ملیالم ، کنڑ ، تمل ، اردو اور انگریزی زبانوں میں ہوگا ۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت علاقائی زبانوں کو فروغ دینے کے وزیر اعظم مودی کے نظریہ کے مطابق ہے ۔ اس مرتبہ نیٹ یوجی امتحان 12 ستمبر 2021 کو ہوگا ۔دھرمیندر پردھان کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہورہا ہے کہ نیٹ یوجی امتحان کیلئے مڈل ایسٹ ملک کویت میں ایک ایگزام سینٹر بنایا گیا ہے ۔ یہ سہولت ان ہندوستانی طلبہ کیلئے ہے جو ان ممالک میں رہ کر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ پیر کو وزیر تعلیم نے بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے اس مرتبہ اس امتحان کیلئے مراکز کی تعداد کو بڑھایا گیا ہے تاکہ سماجی فاصلہ پر عمل کیا جاسکے ۔نیٹ یوجی ایگزام کیلئے رجسٹریشن کا عمل منگل شام پانچ بجے سے شروع ہوچکا ہے ۔ طلبہ این ٹی اے کی ویب سائٹ http://ntaneet.nic.in پر جاکر آسان طریقہ سے رجسٹریشن کی کارروائی پوری کرسکتے ہیں ۔ یہ امتحان ملک بھر کے مختف شہروں میں 12 ستمبر 2021 کو منعقد کیا جائے گا ۔ امتحان کے دوران کورونا پروٹوکول پر عمل کیا جائے گا ۔