کشمیر انفو//
جموں 18 اپریل :چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے منگل کو جموں شہر کا ایک وسیع دورہ کیا اور جمبو چڑیا گھر میں جاری کاموں اور جموں سمارٹ سٹی مشن کے تحت جموں شہر میں کئے گئے دیگر ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ چیف سیکرٹری کے ہمراہ ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں ، چیف وائیلڈ لائف وارڈن ، ریجنل وائیلڈ لائف وارڈن ، وائلڈ لائف وارڈن جمبو چڑیا گھر کے علاوہ جے پی ڈی سی ایل ، جل شکتی ، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ افسران تھے ۔ ڈاکٹر مہتا نے نگروٹہ میں جمبو چڑیا گھر کا دورہ کیا اور وہاں جاری کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کیا ۔ چیف وائلڈ لائف وارڈن نے اب تک ہونے والے کاموں اور مکمل ہونے والے کاموں کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کیفے ٹیریا اور پارکس پر کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ پارکنگ ، جانوروں کے انکلوژرز کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ چیف سیکرٹری نے جمبو چڑیا گھر پروجیکٹ کے حوالے سے دیگر اہم تفصیلات بھی طلب کیں جن میں جانوروں اور پرندوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں ۔ ڈاکٹر مہتا نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کی قریب سے نگرانی کریں اور اس باوقار پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے جاری کام کو تیز کریں ۔ چڑیا گھر کو پانی کی فراہمی کے مسئلہ پر چیف سیکرٹری نے جل شکتی محکمہ کے انجینئروں سے کہا کہ وہ وزارت دفاع کے این او سی پر عمل کریں اور جلد از جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ٹکٹنگ سسٹم ، سیکورٹی ، کیفے ٹیریا جیسی خدمات کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایات جاری کیں تا کہ چڑھا گھر کے مکمل حصے کو جلد از جلد عام لوگوں کیلئے کھول دیا جائے ۔ دریں اثنا چیف سیکرٹری نے جموں شہر کا بھی دورہ کیا اور جموں سمارٹ سٹی مشن کے تحت چلائے جانے والے راستوں /فُٹ پاتھ اور جنکشن کی بہتری کے پروجیکٹوں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے گاندھی نگر ، پانامہ چوک ، یونیورسٹی روڈ اور باہو فورٹ علاقہ سمیت مختلف مقامات پر کام کی پیش رفت کا معائینہ کیا ۔ متعلقہ افسران نے چیف سیکرٹری کو کام کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے ورک پلان سے آگاہ کیا ۔ ڈاکٹر مہتا نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں پر کام کی رفتار کو تیز کریں اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کریں ۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری نے توی ریور فرنٹ ویو پروجیکٹ پر جاری کام کا معائینہ کیا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر جموں سمارٹ سٹی لمٹیڈ راہول یادو ، پروجیکٹ کنسلٹنٹس نے انہیں کام کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے کام کی منصوبہ بندی کے علاوہ اب تک مکمل کئے گئے کاموں سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ مشینری موبلائزیشن ، گریٹنگ ، سینٹر میکنگ ، ٹوپوگرافک سروے بینچ مارکس پر کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ Diaphragms کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ چیف سیکرٹری نے مختلف مقامات کا چکر لگایا اور جاری کاموںکا معائینہ کیا ۔ ڈاکٹر مہتا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اگر کوئی رکاوٹیں ہیں تو ان کو دور کریں اور باوقار پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے کام کی رفتار کو تیز کریں ۔ انہوں نے انہیں ہر کام کے معیار کے پیرا میٹرز کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ توی بیراجز پر کام کا معائینہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہفتہ وار اہداف مقرر کرنے اور باوقار پروجیکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے کم کارکردگی دکھانے والے ٹھیکیداروں کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف سیکرٹری نے جموں اکھنور روڈ پروجیکٹ بھگوتی نگر روٹری تا کینال ہیڈ کے پیکج 1 پر پیش رفت کا بھی معائینہ کیا ۔ این ایچ آئی ڈی سی ایل کے انجینئرز نے بتایا کہ حصول اراضی کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ فلائی اوور کی تعمیر اور ستونوں کو بلند کرنے کا کام جاری ہے ۔ ڈاکٹر مہتا نے ڈویژنل کمشنر جموں کو 3ماہ کے اندر چوتھے توی پُل ( بھگوتی نگر ) کے قریب دستیاب خالی زمین پر سرفیس پارکنگ تیار کرنے کی ہدایت دی جو شری امر ناتھ جی یاترا 2023 اور توی ریور فرنٹ دیکھنے والوں کیلئے استعمال کی جائے گی ۔