کشمیر انفو//
جموں/24؍اپریل: ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے آج جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) کے تحت جموں ضلع کے مارہ بلاک کے بھدرور پنچایت میں ’’ کسان سمپرک ابھیان ‘‘ کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پرایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اَپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے حصہ لینے والے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے مسائل اور خدشات کے ازالے کے لئے اِس موقعہ کا بہترین اِستعمال کریں۔اُنہوں نے کسانوں سے یہ بھی کہا کہ وہ ماہر حکام کے ساتھ اَچھے تعلقات استوار کریں اور ان سے کچھ چیزیں سیکھیںجو اَپنے پیشے اور زرعی پیداوار کو مزید بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے۔ایڈیشنل چیف سیکر ٹری کو جانکاری دی گئی کہ زراعت اور متعلقہ شعبے سے متعلق تقریباً 49 سکیموں کی تفصیلات 3دِن تک سمارٹ ٹی وی پر دکھائی جائیں گی۔جن میں سے 17سکیمیں آج عوام کو دکھائی گئیں اور متعلقہ اَفسران کی جانب سے موقعہ پر ہی سوالات اُٹھائے گئے اوران کے جوابات دئیے گئے۔پروگرام میں کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کسانوں کے بیس لائن سروے کے حوالے سے موقعہ پر ہی رجسٹریشن بھی کی گئی۔ضلع جموں کی 20پنچایتوں میںزائد اَز800 کسانوں نے پروگرام میں حصہ لیا۔ابھیان کے تحت ہر ہفتے کے پہلے تین دِنوں کے دوران مختلف سکیموں کو دِکھایا جائے گا جس میں 31 ؍ اگست 2023ء تک کل 822 ٹریننگ اور 274 سیشن شامل ہوں گے تاکہ ضلع کے ہر کسان تک پہنچنے کے لئے ضلع کی تمام پنچایتوں کا احاطہ کیا جائے۔اِس موقعہ پر ضلع نوڈل آفیسر ایچ اے ڈی پی ، ریسور پرسن ، سرپنچ اور پنچ کے علاوہ عوامی نمائندے وجود تھے۔ڈین این او ایچ اے ڈی پی نے 31؍ اگست 2023ء تک جاری رہنے والی مہم کے دوران کسانوں کے ساتھ قریبی تعلق رکھنے کے لئے تمام ریسورس پرسنز کا کسانوں سے تعارف کرایا۔