سرینگر/۴ ؍مئی//
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ڈی ڈی سی ممبرانجینئر اعجاز حسین پر بالہامہ میں حالیہ حملے کی پارٹی ترجمان ابھیجیت جسروٹیہ نے مذمت کی۔جسروٹیہ نے حملے کو اپوزیشن کی مایوسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انجینئراعجاز پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور مذمت کا مستحق ہے۔انہوں نے کہا’’انجینئراعجاز بالہامہ میں ایک پروجیکٹ میں بدعنوانی کے الزامات کی جانچ کرنے گئے تھے لیکن ان پر لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے حملہ کیا گیا جس میں وہ بال بال بچ گئے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ انجینئراعجاز پر حملہ سرینگر میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور بی جے پی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا براہ راست نتیجہ تھا۔جسروٹیہ نے پولیس پر زور دیا کہ وہ تحقیقات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور ملوثین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا’’انجینئراعجاز اپنے حلقے سے لینڈ مافیا اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں اور ان پر پتھروں، لوہے کی سلاخوں اور لاٹھیوں سے حملہ ان کی کرپشن سے پاک حکمرانی، تمام سرکاری کاموں میں شفافیت کو یقینی بنانے کی کوششوں کا براہ راست نتیجہ ہے۔جسروٹیہ نے کہا کہ اعجاز یا پارٹی کا کوئی اور لیڈر اس طرح کے حملوں سے نہیں ڈرے گا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے مشن اور ویژن کو وادی کے ہر کونے تک پہنچانے کیلئے سخت محنت کرے گا۔ ترجمان نے مطالبہ کیا کہ پولیس معاملے کی جڑ تک پہنچے اوربالہامہ حملے میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔