بارہمولہ/18؍مئی:ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے ضلع بارہمولہ میں ویٹرنری کی دیکھ ریکھ اور علاج کو بڑھانے کے لئے ایک اہم پہل میں جمعہ رات کو پٹن کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ویٹرنری ہسپتال اور ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) ‘ کے تحت منعقدہ میگا فرٹیلٹی کیمپ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر ، ڈائریکٹر جنرل شیپ ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ بشیر احمد خان، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری کشمیر پورنیما متل ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر لائیو سٹاک ڈاکٹر بلبیر سنگھ ، ایس ڈی ایم پٹن اور دیگر اَفسران موجود تھے۔پروگرام میں ترقی پسند کسانوں ، مقامی فارم خواتین اور نوجوانوں کے علاوہ دیگر متعلقہ شراکت داروں نے شرکت کی۔اَتل ڈولو نے ویٹرنری ہسپتال کا اِفتتاح کرنے کے بعد اِس سہولیت کے لئے لوگوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ہسپتال علاقے میں پشوئوں کی نگہداشت اور علاج میں زبردست اِضافہ کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ 1.92 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید خطوط پر بننے والی اِس سہولیت میں ادویات کی دکان ، طبی سہولیت ، آپریشن تھیٹر کے علاوہ داکٹروں اور عملے کے کوارٹر بھی ہوں گے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہسپتال میں تمام جدید آلات ہوں گے جو ڈاکٹروں او رتربیت یافتہ پیشہ ور اَفراد کی نگرانی میں پشوئوں کے علاج پر توجہ مرکوز کریںگے۔اُنہوں نے اَپنے دورے کے دوران ’ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) ‘ کے تحت منعقدہ میگا فرٹیلیٹی کیمپ کا بھی اِفتتاح کیا جس کا مقصد مویشیوں میں بانجھ پن کے مسئلے کو حل کرنا ہے ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ گائے اور دیگر پشوئوں کا ہارمونل علاج سے فرٹیلیٹی سے متعلق مختلف مسائل کا مفت علاج کیا جائے گا۔بعدمیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی )‘ کے تحت مقامی ترقی پسند کسانوں سے مختلف بات چیت کی اور اِس شعبے میں ان کی کامیابیوں کے بارے میں رائے طلب کی۔اَتل ڈولو نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ زراعت اور اس سے منسلک شعبوں سے متعلق تمام سکیموں کا فائدہ ضلع بھر کے تمام اہل او رمستحق کسانوں تک پہنچنا چاہیے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پیداواری صلاحیت ، پیداوار او رکسانوں کی آمدنی میں اِضافہ جموںوکشمیر یوٹی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اُبھرتے ہوئے کسانوں کو تربیت دینا ضلعی اِنتظامیہ کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہونا چاہیے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ علاقے کے کسانوں کو دودھ پالنے والے پشوئوں کو بہتر خدمات فراہم کر کے ان کی خدمت کریں گااور اِس طرح پشوئوں کی نگہداشت اور علاج کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ ’’ جامع زرعی ترقیاتی پلان ‘‘ کے تحت مختلف ترقیاتی پروگرام منعقد کر رہی ہے جس کے دوران لوگوں کو مختلف محکمانہ سکیموں جیسے کے سی سی ، کیٹل اِنشورنس ، ڈیری ڈیولپمنٹ سکیموں وغیرہ کے بارے میں بیداری پیدا کی جاتی ہے۔