مانیٹرنگ//
نئی دہلی 22جون: اردو زبان کے فروغ کے ساتھ تکنکی مہارتوں پر زور دیتے ہوئے کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ قومی اردو کونسل اردو زبان کے فروغ کے ساتھ ملک کی تقریباً تمام ریاستوں کے اردو طلبہ و طالبات کو بنیادی تکنیکی مہارتوں سے بھی لیس کر رہی ہے تاکہ وہ موجودہ مسابقتی دور میں اپنے اور ملک کے لیے مفید ثابت ہوسکیں۔ یہ بات انہوں نے سری نگر میں ایک ٹریننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اس میں جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش و پنجاب میں کونسل کے ذریعے چل رہے کمپیوٹر سینٹرز کے ذمے داران اور فیکلٹی ممبرزشرکت کررہے ہیں۔اس پروگرام میں انھیں کمپیوٹر کورس کے نصاب میں ہونے والی نئی تبدیلیوں سے آگاہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ آئندہ ان کے مطابق بچوں کو تعلیم دیں۔ یہ پروگرام چہار روزہ ہے اورنائلیٹ(چنڈی گڑھ) کے ٹرینرکے ذریعے ٹریننگ دی جارہی ہے۔
شیخ عقیل احمد نے مذکورہ صوبوں کے ساتھ ہندوستان بھر میں اردو کونسل کے ذریعے چلنے والے چھ سو سے زائد کمپیوٹر سینٹر کے ذمے داروں اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ حکومت ہند کے ضوابط و شرائط کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنے سینٹر چلائیں تاکہ ہمیں درست نتائج حاصل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کی جانب سے پچھلی کئی دہائیوں سے یہ کمپیوٹر سینٹر چلائے جارہے ہیں جہاں تعلیم و تربیت حاصل کرکے اب تک ہزاروں نوجوانوں نے فائدہ اٹھایا ہے اور دگر ریاستوں کے علاوہ جموں و کشمیر میں بھی ایسے نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے جو کونسل کے کمپیوٹر سینٹر میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے مختلف شعبوں میں ملازمت کررہے ہیں یا اپنا سائبر کیفے وغیرہ چلا رہے ہیں، ایسے بہت سے نوجوان ہمارے مختلف سینٹرز میں فیکلٹی ممبر کی حیثیت سے بھی کام کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں چلنے والے ان سینٹروں کی وجہ سے ایک بڑا فائدہ یہ ہوا ہے کہ نوجوانوں میں بیکاری کا رجحان کم ہوا ہے اور وہ مختلف قسم کی آئی ٹی اسکلز سیکھ کر اپنی معاشی ضروریات خود پوری کر رہے ہیں۔ شیخ عقیل نے کہا کہ چونکہ یہاں بے روزگاری بہت زیادہ ہے اس لیے ہماری کوشش ہوگی کہ مستقبل قریب میں ہم یہاں کونسل کی مزیدایسی اسکیمیں متعارف کروائیں، جن سے اردو زبان کا بھی فروغ ہو اور مقامی نوجوانوں کو روزگار بھی فراہم ہو۔ اس موقعے پر مذکورہ صوبوں کے کمپیوٹر سینٹرز کے ذمے داران، فیکلٹی ممبرز کے علاوہ کونسل کے ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ، انتخاب عالم اور نائلیٹ(چنڈی گڑھ) کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر سنیتا پوری بھی موجود رہیں۔