سری نگر/04؍جولائی//کشمیر انفو//
سری نگر کے میئرجنید عظیم متونے کمشنرسری نگر میونسپل کارپوریشن اطہر عامر خان کے ہمراہ آج پنتھہ چوک یاترا کیمپ کا دورہ کیا تاکہ یاترا کے اَحسن اِنعقاد کے لئے اَفسران کی طرف سے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔میئر نے کیمپ کا معائینہ کیا تاکہ دستیاب سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے یاتریوں کے آرام اور سہولیت کے لئے کئے گئے اِنتظامات پر توجہ دیتے ہوئے کیمپ کی صفائی ستھرائی اور مجموعی دیکھ ریکھ کا نوٹس لیا۔دورے کے دوران میئر جنید عظیم متو نے وہاں موجود ملازمین کے ساتھ بات چیت کی ۔ اُنہوں نے درپیش چیلنجوں اور ان سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے یاتریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے حفظانِ صحت اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔میئر جنید عظیم متو نے حکام کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر اَپنے اطمینان کا اِظہار کیا ۔ اُنہوں نے یاترا کے لئے ضروری اِنتظامات کرنے میںسری نگر میونسپل کارپوریشن حکام کی محنت اور لگن کا اعتراف کیا۔ اُنہوں نے یاتریوں کے لئے محفوظ اور پُر لطف تجربہ کو یقینی بنانے کے لئے ان کے عزم کو بھی سراہا۔مزید برآں، میئر موصوف نے اَفسروں کو اَپنے مسلسل تعاون کا تقین دِلایا اور ان پر زور دیا کہ وہ اَپنے فرائض میں چوکس رہیں ۔اُنہوں نے یاترا کے دوران پیدا ہونے والے کسی بھی مسائل سے نمٹنے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان مؤثر تال میل کی اہمیت پر زور دیا۔دورے کے دوران میئر موصوف کے ہمراہ سری نگر میونسپل کارپوریشن کے سینئر اَفسران بھی تھے۔