نیوز ڈیسک//
اننت ناگ/08 ؍جولائی:سیکرٹری ریونیو اور نوڈل آفیسر شری اَمرناتھ جی یاترا۔2023ء پہلگام ڈاکٹر پیوش سنگلا نے سنیچروار کوکہا کہ شری امرناتھ جی یاترا ۔2023ء ماحول دوست یاترا کو یقینی بنانے کے لئے صفائی کی مضبوط سہولیات موجود ہیں۔سیکرٹری موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار پوتر گپھا کے اَپنے تین روزہ پیدل دورے کے اِختتام پر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے صفائی ستھرائی کی طرف خاص توجہ مرکوز کی ہے اور ٹریک پر کوڑا کرکٹ اور کھلے میں رفع حاجت کرنا ماضی کی باتیں ہیں۔ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ٹریک کے ساتھ اور راستوں میں مختلف کیمپوں میں صفائی ستھرائی کی سہولیات کاجائزہ لیا۔اُنہوں نے نوٹ کیا کہ بیت الخلاء سہولیات کو حکمت عملی کے ساتھ وقفے وقفے سے رکھا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مناسب دیکھ ریکھ کو یقینی بنانے کے لئے کافی تعداد میں وقف ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔سیکرٹری موصوف نے صفائی کارکنوں کی کوششوں کی تعریف کی جن کی محنت کے نتیجے میں کوڑا کرکٹ سے پاک اور کھلے میں رفع حاجت سے پاک ٹریک بنایا گیا ہے۔ڈاکٹر پیوش سنگلا نے اَپنے پید ل دورے کے دوران یاتریوں کے ساتھ گفت و شنید کی جنہوں نے پوری یاترا کے دوران برقرار رکھے گئے صفائی کے اعلیٰ معیار کے بارے میں مثبت ردِّعمل کا اِظہار کیا۔یاتریوں نے پہلگام کی نازک ماحولیات کو محفوظ رکھنے کے لئے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اِظہار کیا جسے ایک ماحولیاتی حساس زون کے طورپر تسلیم کیا جاتا ہے۔چندن واڑی ، شیش ناگ ، واو بل اور پنجترنی سمیت مختلف کیمپوں کے کیمپ ڈائریکٹروں نے اَپنے اَپنے کیمپوں میں اَفرادی قوت کی دستیابی کے بارے میں نوڈل آفیسر کو تفصیلی جانکاری دی۔اُنہوں نے نوڈل آفیسر کو یقین دِلایا کہ صفائی کو یقینی بنانے اور یاتریوں کے لئے یاترا کا خوشگوار تجربہ بنانے کے لئے ایک اَچھی طرح سے ترتیب شدہ شیڈول کو نافذ کیا گیا ہے۔اُنہوں نے سیکرٹری کو یاترا کے احسن اِنعقاد کے لئے بنائے گئے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے منصوبے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔