نیوز ڈیسک//
جموں، 9جولائی:جنوبی کشمیر کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر اتوار کی شا م کو نجی گاڑی لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ڈائریکٹر فائنانس، اس کی اہلیہ اور بیٹے سمیت تین افراد برسر موقع ہی از جان ہوئے جبکہ بیٹی کو نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی شام کو کشمیر سے سرنکوٹ کی طرف جار ہی ایک سوفٹ گاڑی زیر نمبر (JK02BD-4635) پانار پل کے نزدیک لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک ہی کنبے کے تین افراد کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ ایک کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
متوفین کی شناخت ڈائریکٹر فائنانس، فاریسٹ ایکولوجی اور انورنمنٹ ڈپارٹمنٹ رنبیر سنگھ بالی، اس کی بیوی پرویندر کور اور اس کے بیٹے اروان سنگھ کے بطور ہوئی ہے جبکہ بیٹی جس کی پہچان مہرین کور کے بطور کی گئی ہے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ابھی تک پرویندر کور کی لاش برآمد کی گئی ہے جبکہ دو کی تلاش ہنوز جاری ہے۔