کشمیر انفو//
گلمرگ/09 ؍جولائی// دُنیا کے مشہور سیاحتی مقامی گلمرگ میں دو روزہ ’’ قومی قبائلی فیسٹول ‘‘ آج اِختتام پذیر ہوا۔اِس عظیم الشان تقریب کی اِختتامی تقریب میں مرکزی وزارت قبائلی اَمور جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر نیول جیت کپور نے شرکت کی۔ سیکرٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری ، ملک کی مختلف ریاستوں سے قبائلی بہبود کے محکموں کے سینئر اَفسران ، ٹرائیفیڈ کے اَفسران اور ملازمین کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔تقریب میں ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے اَپنے اِختتامی کلمات میں تمام شریک قبائل ، رضاکاروں اور شرکاء کا فیسٹول کے لئے پرجوش شرکت اور تعاون پر شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے قبائلی ثقافتوں کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر زور دیا جو ہماری قوم کے ثقافتی تانے بانے کا ایک لازمی حصہ ہے ۔دور وزہ فیسٹول میں مقامی فن کاروں کی شمولیت سے ملک کی مختلف ریاستوں سے قبائلی ہنر مندوں کا ایک ہجوم دیکھا گیا جنہوں نے بڑی تعداد میں لوگوں کے سامنے اَپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ۔مختلف قبائلی فن کاروں اور رقاصوں پنے شاندار فارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔فیسٹول میں ثقافتی تنوع اور ورثے کا ایک شاندار فیسٹول دیکھنے کو ملا جس نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکأ کو محظوظ کیا ہے ۔ اِس تقریب میں قبائلی روایات ، فنون لطیفہ ، موسیقی اور متحرک ٹیپسٹری بھی دکھائی گئی۔وزارت قبائلی امور کے تعاون سے قومی قبائلی فیسٹول نے ملک بھر سے 10سے زیادہ ریاستوں اور یوٹیز کو اِکٹھا کیا تھا جس سے مقامی طبقوں کے لئے اَپنے بھر پور ثقافتی ورثے کو بانٹنے کے لئے ایک پلیٹ فارم تیار کیا گیا تھا۔ اِس فیسٹول کا مقصد قبائلی رسوم و رواج اور طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔مختلف ریاستوں اور یوٹیز بشمول ارونا چل پردیش ، اوڑیسہ ، مدھیہ پردیش ، لداخ ، ہماچل پردیش ، اُترا کھنڈ ، راجستھان ، مہاراشٹر ، چھتیس گڈھ وغیرہ سے ٹرائیفید کے کاریگروں نے اپنی دستکاری کا مظاہرہ کیا جس سے مہمانوں کو منفرد، ثقافتی طور پر اہم چیزوں کو دیکھنے اور خریدنے کا موقعہ ملا۔فیسٹول کے دوران ٹرائیفید نے جموںوکشمیر کے کاریگروں کو فہرست میں شامل کرنے کے لئے ایک بڑی مہم بھی چلائی جنہوں نے نمائش میں شرکت کی اور اَپنی مصنوعات کی نمائش کی۔