پلوامہ/07؍اگست//کشمیر انفو//
ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے آج ضلع پلوامہ کے مختلف مقامات کے 120 جسمانی طور خاص اَفراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پلوامہ میں موٹر ائزڈ ٹرائی سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ اُنہوں نے پوشن مشن کے تحت 35آنگن واڑی کارکنوں کو تقرری نامے بھی سونپے۔اِستفادہ کنند گان کو موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی جن کی شناخت محکمہ سماجی بہبود نے پہلے ہی کی تھی۔اے ڈی ڈی سی پلوامہ ، سی پی او پلوامہ کے ساتھ محکمہ سماجی بہبود ، آئی سی ڈی ایس اور محکمہ اطلاعات کے اَفسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنرنے خطاب کرتے ہوئے جسمانی طور پر خاص اَفراد کے لئے تقسیم کیمپ کے اِنعقاد پر محکمہ سماجی بہبود کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے کہا کہ موٹر ائزڈ ٹرائی سائیکلیں خصوصی ضروریات والے لوگوں کو بااِختیار بنائیں گی اور اُنہیں مرکزی دھارے کی زندگی میں شامل کریں گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے معاشرے کے پسماندہ طبقوں تک پہنچنے میں محکمہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔ڈاکٹر بشارت قیوم نے آنگن واڑی کارکنوں کو تقرری نامے سونپتے ہوئے کہا کہ حکومت تقرری کے عمل کو منصفانہ اور شفاف بنا کر سماج کے تمام طبقوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔اُنہوں نے نئے تعینات ہونے والے کارکنوں کو مُبارک باد دیتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ پوری لگن ، ایماندار اور دیانت داری سے کام کریں او ربچوں میں غذائی قلت کے خاتمے کے لئے کام کریں ۔ اُنہوں نے آنگن واڑی کارکنوں کی طرف سے کئے جارہے کام کی بھی سراہنا کی۔