سری نگر/07؍اگست:کشمیر انفو//
وِیورز سروس سینٹر ( ڈبلیو ایس سی) سری نگر نے نویں ہینڈ لوم کا قومی دِن 2023 کی یاد میں آج یہاں کمیونٹی ہال نالہ بل نوشہر ہ میں ایک میگا تقریب کا اِنعقاد کیا۔ اِس تقریب میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ محمود شاہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویورز سروس سینٹر( ڈبلیو ایس سی ) ، آئی آئی سی ٹی ، این ایچ ڈی سی کے اَفسران ، کاریگروں اور بڑی تعداد میں بُنکروں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر محمو د احمدشاہ نے اَپنے خیالات کاا ِظہار کرتے ہوئے پیداواری معیار کی سطح کو بہتر بنانے اور مارکیٹ کے جدید رُجحانات کے مطابق نئے ڈیزائن متعارف کرنے کی تجویز پیش کی جس سے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم شعبے کی ترقی میں اِضافہ ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ ہینڈ لوم مصنوعات کو مختلف ذرائع سے فروغ دینے کی کوششوں کو تیز کرے گا اور دست کاروں اور بُنکرکمیونٹی کو ممکنہ خریداروں سے جوڑ کر اور ہینڈلوم بنانے والوں کے لئے فروخت میں اضافہ اور بہتر منافع کے کی خاطر حکومت کی کوششوں میں اضافے کے لئے سماج کے مختلف طبقوںکی حوصلہ اَفزائی کرے گا۔اِس موقعہ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویورسروس سینٹر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل شراکت داروں کو مختلف سرکاری سکیموں جیسے مدرا لون ، نیشنل ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ پروگرام ، آرٹزن کریڈیٹ کارڈ اور مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ٹھوس کوششیں کی جارہی ہیں۔نیشنل ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے بلویندر سنگھ نے اَپنی تقریر میں ہینڈ لوم بنانے والوں کو خام مال کی سپلائی سکیموں کے تحت سوت کی فراہمی کے بارے میں جانکاری دی ۔اِس موقعہ پر دیگر مقررین نے اِس دِن کی تاریخی اہمیت اُجاگر کی اور سول سوسائٹی کے اَرکان ، نوجوانوں اور محنت کش طبقے پر زور دیا کہ وہ بُنکرکمیونٹی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہینڈ لوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کی مصنوعات خریدیں۔ویورز سروس سینٹر ، جو وزارتِ ٹیکسٹائل کے ترقیاتی کمشنر ( ہینڈ لوم ) کے تحت کام کرتا ہے ، بُنائی ، رنگنے اور ڈیزائننگ جیسے شعبوں میں سکل کی اَپ گریڈیشن کی تربیت فراہم کرتا ہے ۔ہینڈ لوم کا قومی دِن ہر برس 7؍ اگست کو ہینڈ لوم ویورز ، کاریگر کمیونٹی او رملک کی سماجی ، اِقتصادی اور ثقافتی ترقی میں ان کی منفرد شراکت اور ملک کی ہینڈ لوم اِنڈسٹری کو اُجاگر کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔